نئی دہلی:ایز آف لیونگ انڈیکس میں ٹیک سٹی بنگلور نے پہلی ، پونے نے دوسری اور احمد آباد نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ تاہم ، دہلی اور کولکتہ پہلے دس شہروں کی فہرست میں جگہ نہیں بنا سکے ۔ہاؤسنگ اور شہری امور کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے جمعرات کو ایز آف لیونگ انڈیکس 2020 اور کارپوریٹ پرفارمنس انڈیکس 2020 جاری کیا۔ایز آف لیونگ انڈیکس 2020 میں ملک بھر کے شہروں کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا جس کی آبادی 10 لاکھ سے زیادہ اور 10 لاکھ سے بھی کم تھی۔ اس پورے مقابلہ میں 111 شہروں نے حصہ لیا۔ 10 لاکھ سے زیادہ آبادی والے شہروں میں ایز آف لیونگ انڈیکس 2020 میں پہلے مقام پر کرناٹک کا بنگلور ، مہاراشٹر کا پونے دوسرے اور گجرات کا احمد آباد تیسرے نمبر پر ہے ۔ فہرست میں پہلے 10شہروں میں تمل ناڈو میں چنئی ، گجرات میں سورت ، مہاراشٹر میں نوی ممبئی ، تمل ناڈو میں کوئمبٹور ، گجرات میں وڈوڈرا ، مدھیہ پردیش میں اندور اور مہاراشٹر ہی میں گریٹر ممبئی شامل ہیں۔ 10 لاکھ سے کم آبادی والے شہروں میں شملہ پہلے مقام پر ہے ۔