میکسیکوسٹی۔ 16 ڈسمبر (ایجنسیز)میکسیکو سٹی کی کانگریس میں خواتین اراکین کے درمیان ہاتھا پائی کا پرتشدد واقعہ پیش آیا، جس کی مناظر براہ راست کیمروں میں محفوظ ہو گئے۔ مناظر میں دیکھا گیا کہ خواتین ارکان ایک دوسرے کے بال کھینچتی رہیں اور ایوان کے اندر مکوں کا تبادلہ بھی ہوا۔یہ جھگڑا اس وقت شروع ہوا جب دائیں بازو کی نیشنل ایکشن پارٹی کے ارکان نے مرکزی اسٹیج کی جانب پیش قدمی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بائیں بازو کی مورینا پارٹی نے ایوان کے قواعد کی خلاف ورزی کی ہے۔ مورینا پارٹی کو قانون ساز ادارے میں عددی برتری حاصل ہے۔سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں کم از کم پانچ قانون سازوں کو دونوں جماعتوں کی جانب سے شدید تلخ کلامی کرتے دیکھا جا سکتا ہے، جو بعد میں ہاتھا پائی میں بدل گئی۔ اس دوران دھکے دینے، تھپڑ مارنے اور بال کھینچنے کے مناظر بھی سامنے آئے۔ مورینا پارٹی کے ارکان نے نیشنل ایکشن پارٹی کے اراکین کو زبردستی اسٹیج سے ہٹانے کی کوشش کی، تاہم وہ وہاں موجود رہنے پر اصرار کرتے رہے۔مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ تنازع میکسیکو سٹی کی حکومت کے ماتحت شفافیت سے متعلق نگران ایجنسی میں اصلاحات پر جاری بحث کے تناظر میں پیدا ہوا۔
