ایسیڈ حملوں میں تلنگانہ تیسرے نمبر پر

   

حیدرآباد ۔ 13 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : بالی ووڈ اداکارہ دیپکا پڈکون نے اپنی نئی فلم چھپاک کے ذریعہ ایسیڈ حملہ کے شکار لڑکیوں کی مصیبتوں کو اجاگر کیا ہے ۔ اس سے ایسیڈ حملے کے بڑھتے ہوئے واقعات کو روکنے کے لیے ریاستی حکومت کی جانب سے کی جانے والی کارروائی پر بھی توجہ دی جارہی ہے ۔ جہاں تک تلنگانہ ریاست کا تعلق ہے ۔ 2018 میں اسکا اچھا ریکارڈ نہیں رہا ہے ۔ 2018 میں ایسیڈ حملہ کے تقریباً 10 واقعات پیش آئے جب کہ پانچ ایسے واقعات پیش آچکے ہیں ۔ جن میں ایسیڈ حملہ کی ناکام کوشش کی گئی ۔ اس میں جملہ 15 ایسیڈ حملہ کے واقعات پیش آچکے ہیں ۔ اس طرح ایسیڈ حملوں کے معاملہ میں تلنگانہ ریاست مغربی بنگال اور اترپردیش کے بعد تیسرے نمبر پر ہے ۔ ان ریاستوں میں بالترتیب 45 اور 33 ایسیڈ حملوں کے واقعات پیش آچکے ہیں ۔ نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو گذشتہ ہفتہ جاری کردہ رپورٹ کے مطابق اس کا انکشاف ہوا ہے ۔ 2016 کے مقابلہ ایسیڈ حملے کے واقعات میں اضافہ خطرناک ہے ۔ 2016 میں صرف ایک واقعہ پیش آیا تھا جبکہ 2017 میں ایک واقعہ کا اضافہ ہوا تھا ۔ ان حملوں سے متعلق زیادہ فکر مند ہونے کی وجہ 2018 میں ایسیڈ حملہ کے واقعات میں اضافہ کے باوجود ریاستی حکومت کی جانب سے خاطیوں کو سزا یا متاثرین کی مدد کرنے میں بے حسی ہے ۔ اس وقت ایسیڈ حملہ کے متاثرین کو حکومت کی امداد کے طور پر متاثرین کو معاوضہ کی اسکیم کے تحت تین لاکھ روپئے دئیے جاتے ہیں ۔ لیکن متاثرین کا کہنا ہے کہ معمول کی زندگی گذارنے کے لیے انہیں حکومت کی جانب سے مزید مدد کی ضرورت ہے ۔ متاثرین کی یہ تجویز ہے کہ اگر حکام ایسیڈ کی فروخت پر مکمل پابندی عائد نہیں کرسکتے تو انہیں کم از کم مختلف طریقوں سے مدد کرنی چاہئے جب تک کہ وہ اپنی زندگی کو بہتر بنالیں ۔ کنچن باغ کی رہنے والی صبا تبسم نے بتایا کہ جب اس نے تکلیف دینے والے اپنے شوہر کو چھوڑ دیا اس کے بعد وہ اپنے شوہر کے نشانہ پر تھیں ۔ اس نے میری ماں پر ایسیڈ ڈال دیا جن کا چہرہ اور گردہ 16 فیصد جھلس گئے یہ حملہ ہو کر دو سال گذر چکے ہیں ۔ حکومت نے نہ تو ان کو تحفظ فراہم کیا اور نہ ہی ایسیڈ کی فروخت پر پابندی عائد کی ۔ وہ اس خوف کے عالم میں جی رہی ہیں کہ کسی بھی وقت ان کا شوہر اس پر بھی حملہ کرسکتا ہے ۔۔