کولکاتا29جنوری (یو این آئی) الیکشن کمیشن نے تحریری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست میں جاری ووٹر فہرست کی خصوصی جامع نظرثانی (ایس آئی آر) کے عمل کے دوران بوتھ لیول ایجنٹس (بی ایل اے ) یا کسی بھی سیاسی جماعت کے نمائندوں کو سماعت کے مراکز پر موجود رہنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ یہ ہدایت اس وقت سامنے آئی جب ترنمول کانگریس کے رکن اسمبلی اسیت مجمدار نے ہوگلی کے چنسورہ-موگرا بلاک آفس جا کر سماعت کے عمل کو روک دیا۔ انہوں نے کمیشن سے تحریری وضاحت طلب کی کہ بی ایل اے کو سماعت میں شامل ہونے کی اجازت کیوں نہیں دی جا رہی ہے ۔ یہ عمل تقریباً دو گھنٹے تک رکا رہا۔ کمیشن نے واقعے کے فوری بعد تمام ضلع مجسٹریٹس کو اس ضابطے کو سختی سے نافذ کرنے اور کسی بھی سیاسی دباؤ کے آگے نہ جھکنے کے لیے کہا۔ کمیشن نے تمام ضلع مجسٹریٹس کو جاری کردہ ایک ہدایت میں کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کے ایجنٹ کو سماعت کے مراکز کے اندر آنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور اس وجہ سے سماعت کو روکا نہیں جا سکتا۔ ہدایت میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ اگر کسی سیاسی جماعت کا ایجنٹ سماعت کے مرکز کے اندر پایا گیا تو متعلقہ افسر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ کمیشن نے وارننگ دی کہ کسی بھی صورت میں سماعت کے عمل کو روکا نہیں جانا چاہیے ، جیسا کہ ہوگلی میں دیکھا گیا۔ضلع مجسٹریٹس کو یہ یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے کہ سماعت ہموار طریقے سے جاری رہے ۔ مسٹر مجمدار نے کہا ہے کہ وہ مسٹر ابھیشیک بنرجی اور محترمہ ممتا بنرجی کی ہدایات کے مطابق کام کریں گے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کمیشن عام لوگوں کو بلاوجہ سماعت کے لیے بلا کر پریشان کر رہا ہے ، جس کی وجہ سے بزرگ اور بیمار ووٹروں کو قطاروں میں کھڑا ہونا پڑ رہا ہے ۔ وہ ترنمول کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی کی جانب سے حال ہی میں منعقدہ ایک ورچوئل میٹنگ کا حوالہ دے رہے تھے ، جس میں مسٹر بنرجی نے بوتھ لیول ایجنٹوں کو سماعت کے مراکز پر موجود رہنے کے لیے کہا تھا۔
