ایس آئی آر سے غفلت نہ برتیں‘ نہ خوفزدہ ہوں

   

بی ایل او کے ساتھ بھرپور تعاون کرنے اور درست نام درج کروانے کی تاکید، جمعیتہ العلماء کاماریڈی کا اجلاس

کاماریڈی۔ 5؍اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ جمعیت علماء ضلع کاماریڈی کے زیر اہتمام مختلف منڈلوں کے ذمہ داران کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ملی مسائل پر سنجیدگی اور یکسوئی کے ساتھ تفصیلی غور و خوض کیا گیا اس موقع پر صدر جمعیت علماء کاماریڈی حافظ محمد فہیم الدین منیری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حسن اخلاق ہی دراصل حسن معاشرت کی بنیاد ہے ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے پڑوسیوں اور مقامی معاونین کے ساتھ باہمی تعاون رواداری اور خوش اخلاقی کے ساتھ پیش آئیں اور ایک دوسرے کے کام آئیں انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے SIR ایس آئی آر کا عمل جاری ہے اس سلسلے میں نہ غفلت برتنی چاہیے اور نہ ہی خوفزدہ ہونے کی ضرورت ہے بلکہ حکومتی کارندوں بالخصوص BLO بی ایل او کے ساتھ بھرپور تعاون کرتے ہوئے تمام شہریوں کے درست اندراج کو یقینی بنانا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے انہوں نے متنبہ کیا کہ ہماری معمولی سی غفلت بھی مستقبل میں بڑی پریشانیوں کا سبب بن سکتی ہے۔ اس اہم ذمہ داری کی ادائیگی کے لیے تعلیم یافتہ بااخلاق اور باشعور نوجوانوں پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دے کر مقامی سطح پر اس کام کو منظم اور خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دینے کی ضرورت ہے مولانا نظر الحق قاسمی صدر جمعیت علماء منڈل کاما ریڈی نے SIR سے متعلق تفصیلات پیش کرتے ہوئے شرکا کو اہم معلومات سے آگاہ کیا جبکہ محمد معز گاندھاری محمد عبدالرحیم محمد وسیع الدین اور الحاج میر مبشر علی عامر نے طریقہ کار کو واضح کیا مختلف سوالات کے تشفی بخش جوابات دیے اور آئندہ بھی مکمل رہنمائی فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیااجلاس میں مختلف منڈلوں کے ذمہ داران اور کارکنان نے بھرپور شرکت کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ اس اہم ملی کام کو اجتماعیت کے ساتھ جمعیت علماء کی رہبری میں حسن و خوبی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا حافظ محمد سعید احمد جنرل سیکرٹری جمعیت علماء گاندھاری کی رقت انگیز دعاء پر اجلاس اختتام پذیر ہوا۔