فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کیلئے دستاویزات تیار رکھنے جناب عامر علی خاں کی اپیل
حیدرآباد 24 مارچ (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے تلنگانہ میں فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی کی خصوصی مہم کا آغاز ہورہا ہے۔ تلنگانہ کے بشمول کئی ریاستوں میں اپریل سے باقاعدہ مہم کا آغاز ہوگا جس کے تحت فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کے لئے الیکشن کمیشن نے مختلف زمرے طے کئے ہیں۔ 2002ء کی فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کی صورت میں موجودہ فہرست میں نام شامل کرنے کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔ ملک کی کئی ریاستوں میں SIR کے نام پر اقلیتوں اور پسماندہ طبقات کے ناموں کو فہرست رائے دہندگان سے حذف کرنے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ بہار، اترپردیش اور مغربی بنگال کے علاوہ آسام سے بھی مسلمانوں کے ناموں کو حذف کرنے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ تلنگانہ میں SIR مہم کے سلسلہ میں اقلیتوں کی رہنمائی کے لئے روزنامہ سیاست نے خصوصی ہیلپ ڈیسک کے ذریعہ رہنمائی کا آغاز کیا ہے۔ دفتر روزنامہ سیاست، جواہرلال نہرو روڈ ‘عابڈس پر خصوصی ہیلپ ڈیسک قائم کیا گیا جہاں فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت سے متعلق اُمور کے ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ 2002ء کی فہرست رائے دہندگان سے ناموں کا تقابل کرتے ہوئے عوام کی رہنمائی کی جارہی ہے۔ درکار دستاویزات کے حصول کے سلسلہ میں بھی روزنامہ سیاست ممکنہ تعاون کررہا ہے۔ نیوز ایڈیٹر جناب عامر علی خاں کی خصوصی دلچسپی سے ہیلپ ڈیسک کے تحت کئی کاؤنٹرس قائم کئے گئے ہیں جہاں گزشتہ ایک ہفتہ سے شہر کے مختلف علاقوں سے عوام رجوع ہوکر اپنے ناموں کی موجودگی کا جائزہ لے رہے ہیں۔ سیاست ہیلپ ڈیسک سے روزانہ بڑی تعداد میں مرد و خواتین اپنے دستاویزات کے ساتھ رجوع ہوتے ہوئے SIR میں اپنے ناموں کی شمولیت کیلئے رہنمائی حاصل کررہے ہیں۔ دستاویزات کی کمی کی صورت میں ہیلپ ڈیسک سے مکمل رہنمائی کی جارہی ہے تاکہ کسی بھی حقیقی ووٹر کا نام فہرست رائے دہندگان سے خارج نہ ہونے پائے۔ ایس آئی آر مہم موجودہ حالات میں اقلیتوں کے لئے غیرمعمولی اہمیت کی حامل ہے کیوں کہ اِس مہم کے ذریعہ آئندہ ہندوستانی شہریت ثابت کی جاسکتی ہے۔ ایس آئی آر مہم کے نام پر ملک میں غیر قانونی طور پر قیام کرنے والے افراد کا پتہ چلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ عام طور پر دیکھا گیا ہے کہ اقلیتی خاندانوں میں دستاویزات کی تیاری اور اُن کی برقراری کا رجحان کم ہے۔ اب جبکہ ایس آئی آر مہم کا آغاز ہونے کو ہے، تلنگانہ کے تمام اقلیتی خاندانوں کو ناموں کی شمولیت کو یقینی بنانے کے لئے ابھی سے دستاویزات اکٹھا کرنے کی تیاری کرنی ہوگی۔1