عوامی برہمی کے بعد 94 نااہل BLOs کو ذمہ داریوں سے ہٹا دیا گیا، گھر گھر سروے میں بد انتظامیوں کا پردہ فاش
حیدرآباد ۔9۔ اپریل (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میں جی ایچ ایم سی کی جانب سے ووٹر لسٹ پر خصوصی نظر ثانی (SIR) کے سروے پر شدید تنقید کے بعد 94 نااہل بوتھ لیول آفیسرس (BLOs) کو ہٹادیا گیا ۔ یہ فیصلہ اس وقت لیا گیا جب یہ بات سامنے آئی کہ کئی افراد کم از کم تعلیمی قابلیت یعنی دسویں جماعت کے بغیر اہم انتخابی ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے۔ ذرائع کے مطابق جی ایچ ایم سی نے صفائی کارکنوں اور نچلے درجہ کے ملازمین کو بوتھ لیول آفیسرس کے طور پر مقرر کیا۔ حالانکہ الیکشن کمیشن کے اصولوں کے مطابق ٹیچرس ، ریونیو اسٹاف یا دیگر تربیت یافتہ سرکاری ملازمین کو یہ ذمہ داری دی جانی چاہئے ۔ ضلع حیدرآباد کے 15 اسمبلی حلقوں میں موجود 4,062 پولنگ اسٹیشنس میں سے 94 ایسے افراد پائے گئے جو دسویں جماعت بھی پاس نہیں تھے، جس کے بعد انہیں فیلڈ میں کام کے دوران شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد SIR سروے کے معیار پر سوالات اٹھنے لگے ۔پرانے شہر کے بارکس علاقہ میں ایک واقعہ خاص طور پر موضوع بحث بن گیاجہاں ایک بوتھ لیول آفیسر سروے کے طریقہ کار کی وضاحت میں ناکام رہا اور اس نے خود کو صفائی کارکن بتایا۔ اس واقعہ کی ویڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد عوامی اور سیاسی حلقوں میں شدید ردعمل سامنے آیا۔ ایس آئی آر سروے کے تحت عملہ گھر گھر پہنچ کر ووٹرس کی تفصیلات جمع کر رہا ہے جس میں موبائیل ایپ کے ذریعہ خاندان کے افراد کے نام درج کئے جارہے ہیں اور ساتھ ہی 2002 اور 2025 کی ووٹر لسٹوں کا موازانہ کیا جارہا ہے ۔ خاندان کے سربراہ کی بنیاد پر دیگر افراد کی تفصیلات اپ لوڈ کی جارہی ہے اور یہ بھی جانچا جارہا ہے کہ کسی ایک شخص کا ووٹ مختلف مقامات پر تو درج نہیں ہے ۔ اگر ایسا ہو تو ووٹر کی مرضی کے مطابق صرف ایک جگہ ووٹ برقرار رکھا جاتا ہے۔ ہر بوتھ لیول آفیسر کو تقریباً 1200 سے 1500 ووٹرس کی تفصیلات کی جانچ کرنی ہوتی ہے جس کیلئے مناسب تربیت یافتہ نہ ہونا ایک بڑا مسئلہ بن گیا ہے۔ پرانے شہر میں سروے کے طریقہ کار پر سیاسی اعتراضات بھی کئے گئے اور عوام میں بھی غلط فہمیاں پائی جاتی ہیں، جس کو دور کرنے میں انتخابی عملہ ناکام ہورہا ہے۔ سیاسی جماعتوں نے الزام لگایا کہ BLOs تربیت یافتہ نہیں ہے اور نہ ہی SIR کے بارے میں انہیں کوئی معلومات ہے۔ سیاسی جماعتوں سے نامزد کردہ (BLAs) بوتھ لیول ایجنٹس سرکاری عملہ کے ساتھ تعاون کرنے کے باوجود سرکاری عملہ اپنے کام میں کامیاب نہیں ہورہا ہے۔ ویسے تو ریاست میں ابھی باضابطہ سروے شروع نہیں ہوا ہے۔ اپریل میں شروع ہونے والا یہ عمل ملک کی پانچ ریاستوں میں انتخابات کے پیش نظر مئی تک ملتوی ہونے کی اطلاعات ہیں لیکن اس کام کیلئے بوتھ لیول کا اعلان ہوچکا ہے لیکن کئی BLOs فیلڈ پر نظر نہ آنے کی بھی شکایتیں وصول ہورہی ہیں۔ شیڈول کے اعلان سے پہلے ہی ابتدائی فیلڈ انسپیکشن کیا جارہا ہے تاکہ بعد میں عملہ میں دباؤ کم کیا جاسکے۔ شدید تنقید کے بعد جی ایچ ایم سی کے محکمہ الیکشن میں فوری کارروائی کرتے ہوئے 94 نااہل BLOs کو ہٹادیا ہے اور ان کی جگہ اہل اور تربیت یافتہ عملہ تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ عوام نے بتایا ہے کہ اس طرح کے غلط تقررات نہ صرف انتخابی عمل کی شفافیت کو متاثر کرتی ہے بلکہ فیلڈ اسٹاف پر بھی غیر ضروری دباؤ بھی بڑھاتی ہیں جس کے سنگین نتائج ماضی میں دیگر ریاستوں میں سامنے آچکے ہیں۔ سیاسی جماعتوں کے نمائندوں اور عوام میں الیکشن کمیشن سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے معاملات کا سخت نوٹ لیں اور ساتھ ہی جن BLOs کا انتخاب کیا گیا ہے، ان کی مناسب تربیت کا اہتمام کریں تاکہ ووٹر لسٹ میں کوئی غلطی نہ ہو اور تمام اہل رائے دہندوں کے نام ووٹر لسٹ میں شامل کرنے کو یقینی بنایا جاسکے۔2/k/k