ایس آئی ٹی نے بنڈی سنجے کو دوسری مرتبہ نوٹس جاری کی

   

پوچھ تاچھ کیلئے حاضر ہونا یا نہیں لیگل ٹیم سے مشاورت کرنے کے بعد فیصلہ کرونگا

حیدرآباد ۔25 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن کے امتحانی پرچوں کے افشاء کی تحقیقات کرنے والی ایس آئی ٹی کے عہدیدار آج تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے کے گھر پہنچے اور انہیں پھر ایک مرتبہ نوٹس جاری کرتے ہوئے پوچھ تاچھ کیلئے اتوار کو ایس آئی ٹی کے دفتر حاضر ہونے کے احکامات جاری کئے۔ بعدازاں بنڈی نے ایس آئی ٹی کی جاری کردہ نوٹس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ لیگل ٹیم سے مشاورت کرنے کے بعد پوچھ تاچھ کیلئے حاضر ہونا چاہئے یا نہیں اس کا فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سارے واقعہ کی برسرخدمات جج کے ذریعہ تحقیقات کرانے کے مطالبہ پر وہ آج بھی اٹل ہے۔ تین دن قبل ہی ایس آئی ٹی نے بنڈی سنجے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں پوچھ تاچھ کیلئے طلب کیا تھا تاہم اس وقت بنڈی سنجے نے کہا تھا انہیں کوئی نوٹس نہیں ملی ہے۔ میڈیا کے ذریعہ اس کی اطلاع ملی ہے۔ تاہم انہیں ایس آئی ٹی کی تحقیقات پر بھروسہ نہیں ہے۔ اگر ہائیکورٹ کے برسرخدمات جج یا سی بی آئی سے تحقیقات کرائے جائے تو وہ ان کے ساتھ تعاون کرنے اور ان کے پاس جو بھی ثبوت ہے وہ انہیں دینے کیلئے تیار ہونے کا دعویٰ کیا تھا جس کے بعد ایس آئی ٹی کے عہدیداروں نے بنڈی سنجے کو آج دوسری مرتبہ نوٹس جاری کی ہے۔ن