ایس آر ایس پی فیس II کو سابق وزیر دامودر ریڈی سے موسوم کرنے ریونت ریڈی کا اعلان

   

تنگاترتی پہنچ کر افراد خاندان سے ملاقات، خاندان کے فرد کو سیاسی نمائندگی کا تیقن
حیدرآباد۔ 12 اکتوبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ایس آر ایس پی مرحلہ دوم پراجکٹ کو سابق وزیر آر دامودر ریڈی کے نام سے موسوم کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ اس سلسلہ میں اندرون 24 گھنٹے سرکاری احکامات جاری کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی آج سوریہ پیٹ ضلع کے تنگاترتی پہنچے اور سابق وزیر آر دامودر ریڈی کے تعزیتی اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ نلگنڈہ کو دریائے گوداوری سے پانی کی سربراہی دامودر ریڈی کی مساعی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس آر ایس پی فیس II کے کاموں کو سابق وزیر کے نام سے موسوم کرتے ہوئے ان کی خدمات کو خراج پیش کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ نلگنڈہ ضلع میں کانگریس پارٹی کے استحکام میں دامودر ریڈی کا اہم رول ہے۔ سابق حکومتوں پر دباؤ بناتے ہوئے دامودر ریڈی نے ایس آر ایس پی پراجکٹ کی تکمیل کو یقینی بنایا تھا۔ تنگاترتی اسمبلی حلقہ کی ترقی اور عوام کے لئے ان کی غیر معمولی خدمات ہیں۔ سونیا گاندھی نے دامودر ریڈی کے افراد خاندان کے ساتھ مکمل یگانگت کا اظہار کیا ہے، کانگریس پارٹی ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ ریونت ریڈی نے دامودر ریڈی کے فرد خاندان کو سیاسی طور پر موقع فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ دامودر ریڈی کے دیہانت پر سونیا گاندھی، ملکارجن کھرگے اور راہول گاندھی نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ چیف منسٹر کی آمد کے موقع پر ریاستی وزراء اتم کمار ریڈی، وینکٹ ریڈی، پی سرینواس ریڈی، سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ اور دوسروں نے ایس آر ایس پی فیس II کو دامودر ریڈی کے نام سے موسوم کرنے کی درخواست کی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ دامودر ریڈی نے 5 مرتبہ رکن اسمبلی اور 2 مرتبہ ریاستی وزیر کی حیثیت سے علاقہ کے عوام کی خدمت کی ہے۔ انہوں نے اپنے اثاثہ جات عوام کے لئے وقف کردیئے تھے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ دامودر ریڈی اور ان کے بھائی رام ریڈی دونوں نے متحدہ آندھرا پردیش میں کھمم اور نلگنڈہ ضلع کے عوام کی غیر معمولی خدمت کی ہے۔ چیف منسٹر نے دامودر ریڈی کے افراد خاندان سے ملاقات کی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ 1