ایس آر ایس پی کے 16 گیٹس ، ناگرجنا ساگر کے 14 گیٹس ، جورالا پراجکٹس کے 11 گیٹس ، ایل ایم ڈی ذخیرہ آب کے 9 گیٹس کھول دئیے گئے

   

بجلی گرنے سے 30 بکریاں ہلاک ، کئی گاؤوں میں عام زندگی مفلوج ، پل ٹوٹ گئے ، مزید بارش کی پیش قیاسی
حیدرآباد :۔ تلنگانہ میں گذشتہ تین چار دن سے جاری موسلا دھار بارش سے تمام بڑے ذخیرہ آب لبریز ہوگئے ہیں ۔ اس کے علاوہ ندیاں اور تالابیں لبریز ہو کر بہہ رہی ہیں ۔ ایس آر ایس پی پراجکٹ لبریز ہونے کے بعد 16 گیٹس کو 2 فیٹ اوپر اُٹھا کر 50 ہزار کیوسکس پانی دریائے گوداوری میں چھوڑا جارہا ہے ۔ یلاریڈی منڈل کا کلیانی پراجکٹ لبریز ہونے کے بعد اس کے چار گیٹس کھول دئیے گئے ہیں ۔ کریم نگر کے ایل ایم ڈی ذخیرہ آب کے 9 گیٹس کھول کر 18 ہزار کیوسکس پانی جاری کیا جارہا ہے ۔ ناگر جنا ساگر بھی پوری طرح لبریز ہوگیا ہے ۔ اس کے 14 گیٹس 10 فیٹ اوپر اٹھا کر پانی چھوڑا جارہا ہے ۔ جورالا پراجکٹ کے 11 گیٹس کھول کر 1,12,285 کیوسکس پانی چھوڑا جارہا ہے ۔ اس طرح موسلا دھار بارش سے ریاست کے 23 اضلاع بری طرح متاثر ہیں ۔ مزید 2 تا 3 دن بارش ہونے کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ ریاست بھر میں جاری بارش کے علاوہ مہاراشٹرا میں ہونے والی بارش سے بھی پانی تلنگانہ کے پراجکٹس میں جمع ہورہا ہے ۔ ریاست کے تمام بیشتر پراجکٹس لبریز ہوگئے ہیں خطرے کے نشان سے پانی اوپر ہونے پر عہدیداروں کی جانب سے پانی کے گیٹس کھولتے ہوئے ذخائر آب سے پانی جاری کیا جارہا ہے ۔ جس سے کئی ندیاں اور تالاب بھی لبریز ہوگئے ہیں ۔ پلوں اور برجس سے پانی تیز رفتار بہہ رہا ہے ۔ کئی گاؤوں میں عام زندگی مفلوج ہوگئی ہے ۔ کئی گاؤں جھیل میں تبدیل ہوگئے ہیں ۔ سرکاری مشنری کی جانب سے پانی میں پھنسے ہوئے عوام کو محفوظ مقامات منتقل کرتے ہوئے ان کے لیے بنیادی سہولتوں کا انتظام کیا جارہا ہے ۔ سڑکوں میں پانی تیز بہاؤ سے بہنے کی وجہ سے ٹرانسپورٹ نظام پوری طرح مفلوج ہوگیا ہے ۔ گاؤں کے عوام میں طبی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ویملواڑہ میں 11 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔ تنگا پلی منڈل ہیڈکوارٹر میں بجلی گرنے سے 30 بکریاں ہلاک ہوگئی ۔ ضلع جگتیال میں 17 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔ ضلع کاماریڈی کے پٹلم منڈل میں نلہ واگو لبریز ہو کر بہہ رہی ہے ۔ کئی گاؤں میں آمد و رفت کی سرگرمیاں بند ہوگئی ہیں ۔ اسمبلی حلقہ جنکل کاکیلاش نالہ بھی لبریز ہوگیا ہے جس سے ٹرانسپورٹ نظام مفلوج ہوگیا ہے ۔۔