حیدرآباد ۔ یکم اکٹوبر (سیاست نیوز) شہر کے مصروف ترین علاقہ ایس آر نگر میں پیش آئی قتل کی ایک سنگین واردات میں ایک سائنسدان کا بہیمانہ قتل کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق 56 سالہ کے سریش جو نیشنل ریموٹ سینسنگ سنٹر کا سائنٹسٹ بتایا گیا ہے، کی نعش آج اُس کے فلیٹ واقع اناپورنا اپارٹمنٹ ایس آر نگر میں خون میں لت پت پائی گئی۔ واقعہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور ایس آر نگر پولیس کی ٹیم مقام واردات پر پہونچ گئی۔ ذرائع کے بموجب سریش پیر کی شام ڈیوٹی سے مکان واپس لوٹ رہا تھا اور آج صبح سے اپنے مکان کے باہر نظر نہیں آیا جس کے نتیجہ میں اُس کے پڑوسیوں نے شبہ ظاہر کرتے ہوئے مکان کا دروازہ کھولا تو پتہ چلا کہ اُس کا قتل کردیا گیا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس پنجہ گٹہ تروپتنا کلوز ٹیم کے ہمراہ مقام واردات پر پہونچ کر وہاں کا معائنہ کیا۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ معلوم ہوا ہے کہ سریش کے سر پر تیز دھار شئے سے حملہ کرکے اُسے قتل کیا گیا۔ سریش کی بیوی اور بچے چینائی میں مقیم ہیں اور وہ ڈیوٹی کے لئے حیدرآباد میں مقیم تھا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ مقامی جانکاری سے معلوم ہوا ہے کہ سریش گزشتہ چند دنوں سے بعض نامعلوم افراد کے ساتھ مسلسل دیکھا گیا۔ پولیس نے مقام واردات پر ڈاگ اسکواڈ کو بھی طلب کرلیا۔ پولیس نے علاقہ کے تمام سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ حاصل کرتے ہوئے اِس کا تجزیہ شروع کردیا اور اِس سلسلہ میں قتل کا ایک مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔ پولیس نے مقتول سائنٹسٹ کی نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم گا ندھی ہاسپٹل کے مردہ خانہ منتقل کیا اور خاطیوں کا پتہ لگانے کے لئے خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔