ممتحن، نگران اور سپرنٹنڈنٹ کو بھی فون استعمال کی اجازت نہیں
حیدرآباد۔20فروری(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں ایس ایس سی امتحانات کے انعقاد کے سلسلہ میں ٹائم ٹیبل کی اجرائی کے بعد محکمہ تعلیم کی جانب سے امتحانات کے دوران اختیار کی جانے والی تدابیر کے سلسلہ میں بھی اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں۔ایس ایس سی امتحانات کے دوران موبائیل فون پر مکمل امتناع ہوگا اور ممتحن کے علاوہ نگران کو بھی موبائیل فون کے استعمال کی اجازت حاصل نہیں ہوگی۔موبائیل فون کے ذریعہ پرچہ ٔ سوالات کے افشاء کے خدشات کے پیش نظر محکمہ تعلیم و بورڈ آف سکنڈری ایجوکیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ ایس ایس سی امتحانی مراکز کو موبائیل فری زون میں تبدیل کیا جائے گا اور سپرنٹنڈنٹ امتحانات کو بھی فون کے استعمال کی اجازت حاصل نہیں رہے گی۔ ریاست تلنگانہ میں منعقد ہونے جا رہے ایس ایس سی امتحانات میں طلبہ کو فراہم کی جانے والی رعایت اور صرف 50 فیصدسوالات کو حل کرنے پرمکمل نشانات کی فراہمی کے فیصلہ کے بعد کیا جانے والا یہ اہم فیصلہ ہے۔سابق میں واٹس اپ کے ذریعہ امتحانی پرچہ کے افشا ء کی کوشش کے واقعہ اور گذشتہ دنوں امتحانی پرچہ کے افشاء کے پیش نظر محکمہ نے عہدیداروں سے مشاورت کے بعد اس مرتبہ امتحانات کو مزید بہتر انداز میں منعقد کرنے کے لئے اس بات کا فیصلہ کیا ہے اور ممتحن و نگران کے علاوہ سپرنٹنڈنٹ امتحانات کو بھی فون رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور نہ ہی وہ بیسک فون کا استعمال کر سکیں گے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ریاست میں شفاش امتحانات منعقد کروانے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے طور پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے اور ہنگامی حالات میں فون کے استعمال کے لئے سپرنٹنڈنٹ کو امتحانی مراکز پر متعین پولیس عملہ کے فون کے استعمال کی اجازت حاصل رہے گی اورپولیس عملہ و عہدیداروں کو لازمی ہوگا کہ وہ ان فون کالس کی تفصیلات کا ریکارڈ موجود رکھیں۔ شہر حیدرآباد کے علاوہ سکندرآباد اور اضلاع میں بھی ان احکام پر سختی سے عمل آوری کو ممکن بنایا جائے گا اور ان کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی ۔محکمہ تعلیم اور بورڈ آف سکنڈری کی جانب سے تیار کردہ منصوبہ میں یہ بات واضح کردی گئی ہے کہ امتحانات کے عملہ میں شامل کسی بھی عہدیدار کو اس بات کی اجازت حاصل نہیں رہے گی کہ وہ فون کا استعمال کریں۔اس سلسلہ میں محکمہ تعلیم ‘ بورڈ آف سیکنڈری کے علاوہ امتحانات منعقد کرنے والی ایجنسی کی جانب سے جلد احکامات کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی ۔ ہنگامی حالات میں سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے پولیس عہدیدار کے فون کے استعمال کی صورت میںجس نمبر کو فون کیا گیا اس نمبرکی تمام دیگر تفصیلات بالخصوص کتنی دیر بات کی گئی اور کس وجہ سے بات کی گئی وہ سب جمع رکھنی پڑے گی ۔م