حیدرآباد۔15مارچ۔(سیاست نیوز) ایس ایس سی کے امتحانات کا 16 مارچ کو آغاز ہو رہا ہے اور یہ 3 اپریل تک جاری رہیں گے۔ ریاست تلنگانہ میں اس سال 2563 امتحانی مراکز پر 5,52,302 امیدوار امتحانات لکھ رہے ہیں۔ مارچ کا مہینہ امتحانات کا مہینہ ہوتا ہے اور اب جبکہ 16 مارچ کو ایس سی سی کے امتحانات کا آغاز ہو رہا ہے تو یہ طلبہ کے علاوہ اولیائے طلبہ کے لئے بھی ایک امتحان کی گھڑی ہوتی ہے کیونکہ تمام طلبہ دس سال جو اسکول میں گذارتے ہیں اس محنت کا نتیجہ نکلنے والا ہوتا ہے لیکن اس کے ساتھ ہی امتحانات کا دباؤ طلبہ کو ان کی صلاحیتوں کے مطابق امتحانات میں مظاہرہ کرنے پر بھی اثر انداز ہوتا ہے لہذا ماہرنفسیات اور ماہرین اطفال مشورہ دیتے ہیں کہ امتحانات کے دوران والدین اپنے بچوں کی نہ صرف حوصلہ افزائی کریں بلکہ ان کا بہتر خیال بھی رکھیں۔ امتحانات کے دوران گھر میں صحت بخش غذاؤں کا ایک اسٹاک بھی رکھیں اور طلبہ کو مشورہ دیں کہ وہ چند گھنٹوں کی تعلیم کے بعد 15 تا 20 منٹ کا وقفہ ضرور لیں اور اس وقفے کے دوران انہیں صحت بخش غذا اور موسم گرما کی مناسبت سے کچھ مشروبات بھی فراہم کریں۔ امتحان میں مصروف طلبہ کو یہ مشورہ بھی دیں کہ وہ صبح کے اوقات کچھ دیر چہل قدمی کو اپنی عادت بنا لیں کیونکہ امتحان کی تیاری کے مطالعہ کیلئے گھنٹوں بیٹھ کر وہ جسمانی تھکاوٹ محسوس کرنے لگتے ہیں لہذا کچھ دیر کی چہل قدمی انہیں ذہنی اور جسمانی طور پر تازہ دم کردیتی ہے۔