امیدواروں کو آر ٹی سی میں مفت سفر کی سہولت،5 منٹ تاخیر کی صورت میں داخلہ نہیں
حیدرآباد۔/2 اپریل، ( سیاست نیوز) ریاست میں ایس ایس سی امتحانات کا کل 3 اپریل سے آغاز ہوگا اور 13 اپریل تک امتحانات جاری رہیں گے۔ محکمہ تعلیم نے ایس ایس سی امتحانات کے تمام تر انتظامات مکمل کرلیئے ہیں۔ وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے ضلع کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس میں ہر ضلع میں انتظامات کا جائزہ لیا۔ امتحانات کا وقت صبح 9:30 بجے تا دوپہر 12:30 بجے رہے گا جبکہ کمپوزٹ کورس اور سائینس کے مضامین کے امتحانی اوقات صبح 9:30 تا دوپہر 12:50 بجے رہیں گے۔ امتحانات میں 494620 طلبہ شرکت کریں گے جن میں 485826 ریگولر امیدوار شامل ہیں۔ امتحانات کیلئے 2652 مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ جاریہ سال سے 11 پرچہ جات کے بجائے صرف 6 پرچہ جات کا امتحان رہے گا۔ ریاست کے تمام اسکولوں کو ہال ٹکٹس روانہ کردیئے گئے ہیں اور بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کی ویب سائیٹ پر بھی ہال ٹکٹس دستیاب ہیں۔امیدواروں کو مقررہ وقت سے قبل امتحانی مرکز پہنچنے کی ہدایت دی گئی ہے اور 5 منٹ تاخیر بھی امتحان سے محرومی کا سبب بن سکتی ہے۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسرس نے متعلقہ اضلاع میں امتحانی مراکز کا جائزہ لیتے ہوئے بنیادی انفرااسٹرکچر ضرورتوں کا انتظام کیا ہے۔ امتحانی عملے اور فلائنگ اسکواڈز کی تشکیل عمل میں لائی گئی ہے۔ امتحانات پر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ نظر رکھی جائے گی۔ آر ٹی سی کی جانب سے زائد بسوں کو چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور امیدوار اپنے ہال ٹکٹس کو بتاکر مفت سفر کرسکتے ہیں۔ ہر امتحانی مرکز پر محکمہ صحت کی جانب سے ایک اے این ایم کو تعینات کیا جارہا ہے جن کے ساتھ او آر ایس کے پیاکٹس اور فرسٹ ایڈ کٹ رہے گی۔ محکمہ برقی کو بلاوقفہ سربراہی کی ہدایت دی گئی ہے۔ چیف سکریٹری شانتی کماری نے محکمہ پولیس کو ہدایت دی ہے کہ امتحانی مراکز کے پاس موثر انتظامات کئے جائیں۔ ٹائم ٹیبل کے مطابق کل 3 اپریل کو فرسٹ لینگویج گروپ A، فرسٹ لینگویج پارٹ I کمپوزٹ کورس اور فرسٹ لینگویج پارٹ II کمپوزٹ کورس مضامین کا امتحان ہوگا۔ 4 اپریل کو دوسرا امتحان سیکنڈ لینگویج کا رہے گا۔ر