ایس ایس سی امتحانات کا 17 تا 22 مئی انعقاد

,

   

3 گھنٹے 15 منٹ وقت مقرر، ٹائم ٹیبل جاری

حیدرآباد: ریاست تلنگانہ میں ایس ایس سی امتحانات 17 تا 22 مئی منعقد کئے جائیں گے اور امتحانات کے لئے 3گھنٹے 15 منٹ کا وقت فراہم کرنے کافیصلہ کیا گیا ہے۔ تلنگانہ ریاستی بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن نے ایس ایس سی امتحانات 2021کا شیڈول جاری کرتے ہوئے اس بات کا اعلان کیا کہ ایس ایس سی کا زبان اول کا پرچہ 17 مئی کو منعقد ہوگا جبکہ سوشل کا پرچہ 22مئی کو منعقد کیا جائے گا۔ زبان اول کا پہلا پرچہ ہوگا جبکہ سوشل کا آخری پرچہ رہے گا۔ اس کے علاوہ او ایس ایس سی کے پرچۂ جات 24اور 25مئی کو منعقد کئے جائیں گے علاوہ ازیں ایس ایس سی ووکیشنل کے پرچہ کا انعقاد 26مئی کو عمل میں آئے گا۔ ایس ایس سی ووکیشنل کے پرچہ کے لئے 2گھنٹے کا وقت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 17مئی سے شروع ہونے والے ایس ایس سی امتحانات جو کہ 6پرچوں پر مشتمل ہوں گے ان کے اوقات کار صبح 9:30سے 12:45 دوپہر تک ہوں گے اور تمام مضامین کیلئے صرف ایک ایک پرچہ ہوگا ۔ریاستی حکومت کی جانب سے ایس ایس سی کے پرچوں کو 11سے گھٹا کر 6کرنے کے فیصلہ کے بعد ریاستی بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کی جانب سے جاری کئے گئے ٹائم ٹیبل میں اس بات کی صراحت کی گئی ہے کہ ایس ایس سی کے پرچہ کے لئے طلبہ کو اضافی وقت فراہم کیا جا رہاہے ۔ بورڈ آف سیکنڈری امتحانات کے تحت ڈائریکٹوریٹ آف امتحانات کی نگرانی میں منعقد کئے جانے والے ایس ایس سی امتحان 2021میں ہی 11 کے بجائے 6 پرچہ منعقد کئے جائیں گے اور نشانات کے معاملہ میں کوئی تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ آئندہ سال سابقہ طریقہ کار کو بحال کردیا جائے گا۔واضح رہے کہ ریاست تلنگانہ میں سال گذشتہ میں ایس ایس سی امتحانات میں شرکت کرنے والے تمام طلبہ کو کامیاب کرنے کا فیصلہ کیاگیا تھا اور اس مرتبہ صورتحال کا باریکی سے جائزہ لینے کے بعد ریاستی حکومت نے ماہرین تعلیم کی رائے پر پرچوں میں کمی اور مکمل نشانات کی فراہمی کے اقدامات کئے ہیں۔17 مئی سے 22 مئی کے دوران منعقد ہونے والے پرچوں کے دوران طلبہ میں فاصلہ کے علاوہ صفائی کے دیگر امور اور حرارت کی جانچ کے سلسلہ میں اقدامات کویقینی بنایا جائے گا۔