ایس ایس سی امتحانات کا 8 جون تا 5 جولائی انعقاد

   

شیڈول جاری، ووکیشنل کے دو پرچہ جات شامل ، مراکز پر احتیاطی تدابیر
حیدرآباد ۔22۔ مئی(سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے ایس ایس سی امتحانات کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ ایس ایس سی کے مابقی پرچہ جات کے امتحانات 8 جون تا 5 جولائی منعقد ہوں گے۔ ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق حکومت نے ہر پرچہ کے درمیان میں وقفہ رکھا ہے ۔ وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے آج امتحانی شیڈول جاری کیا۔ امتحانات کا وقت صبح 9.30 تا دوپہر 12.15 بجے تک رہے گا۔ شیڈول کے مطابق 8 جون کو انگلش پیپر 1 کا امتحان ہوگا۔ 11 جون کو انگلش پیپر 2 ، 14 جون میاتھس پیپر 1 ، 17 جون میاتھس پیپر 2 ، 20 جون سائنس پیپر 1 ، 23 جون سائنس پیپر 2 ، 26 جون سوشیل اسٹیڈیز پیپر 1 ، 29 جون سوشیل اسٹڈیز پیپر 2 کا امتحان ہوگا۔ 2 جولائی کو اورینٹل مین لینگویج پیپر 1 اور عربی جبکہ 5 جولائی کو ووکیشنل کورس کا امتحان ہوگا۔ واضح رہے کہ 19 مارچ کو ایس ایس سی امتحانات کا آغاز ہوا تھا اور 3 پرچہ جات کے بعد ہائی کورٹ نے امتحانات پر روک لگادی۔ 8 باقی پرچہ جات کے علاوہ ووکیشنل کے دو پرچہ جات کا شیڈول جاری ہوا ہے۔ وزیر تعلیم نے بتایا کہ موجودہ 2530 امتحانی مراکز کے علاوہ مزید 2005 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں تاکہ امتحان کے دوران سماجی فاصلہ برقرار رہے۔ 26422 زائد سرکاری ملازمین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ امتحانی مراکز اور طلبہ کیلئے تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کی جارہی ہے۔ امتحانی مراکز کی صفائی اور طلبہ کیلئے سینیٹائزر کا انتظام کیا جائے گا ۔ حکومت کی جانب سے خصوصی بسیں چلائی جارہی ہیں۔ طلبہ کیلئے ہیلپ لائین سنٹر قائم کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو تشویش میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ حکومت نے تمام احتیاطی قدم اٹھائے ہیں۔ بخار ، کھانسی اور سردی جیسی علامات پائے جانے پر طلبہ کو علحدہ روم میں امتحان لکھنے کا انتظام کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو مقررہ وقت سے قبل امتحانی مرکز پہنچ جانا چاہئے ۔