ایس ایس سی امتحانات کنٹینمنٹ زون سے آنے والوں کیلئے خصوصی کمرے

   

حیدرآباد28 مئی ( سیاست نیو ز ) محکمہ تعلیم زیر التواء ایس ایس سی امتحانات میں شرکت کے دوران کنٹینمنٹ علاقوں سے آنے والے طلبا کیلئے امتحانی مراکز میں خصوصی کمرے بنانے کا منصوبہ بنا رہی ہے ۔یہ اقدام مرکزی حکومت سے کنٹینمنٹ زونس میں امتحانی مراکز کی اجازت نہ دینے کے بعد کیا گیا ہے۔ پہلے کنٹینمنٹ زون تھے لیکن اب صرف ان افراد کے گھروں یا اپارٹمنٹس کو جن میں کورونا کیس ہو بند رکھا جا رہا ہے۔ اگر ان اپارٹمنٹس یا مکانات کے طلباء امتحانات میں حاضر ہوںتو خصوصی کمرے رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ چونکہ مثبت معاملات کی تعداد وقتا فوقتا بدل رہی ہے ، خصوصی کمروں کے بارے میں حتمی فیصلہ امتحانات کے آغاز سے پہلے کیا جائیگا ۔ریاستی حکومت کی جانب سے 8 جون سے 5 جولائی تک دسویں جماعت کے امتحانات کیلئے کوڈ 19 کے خلاف احتیاطی تدابیر کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جارہی ہے جن طلبا کو زکام یا کھانسی یا بخار ہے ان کیلئے مراکز میں خصوصی کمروں کا انتظام کیا جارہا ہے۔ کوڈ 19 وبائی بیماری کے پیش نظر اور ہائیکورٹ کی ہدایت کے مطابق موجودہ 2530 مراکز کے علاوہ مزید 2500 مراکز تشکیل دیئے گئے ہیں ، جبکہ امتحانات کے انعقاد کیلئے مزید 26422سرکاری عہدیداروں کو ملازمت پر مامور کیا جائیگا ۔ محکمہ نے فیصلہ کیا کہ روزانہ مراکز کو صاف کیا جائے گا اور تھرمل اسکریننگ کے بعد طلبا کو چہرے کے ماسک فراہم کیے جائیں گے۔ طلباء کو امتحان سے ایک گھنٹہ قبل مراکز میں جانے کی اجازت ہوگی۔