ایس ایس سی امتحانات کے دوران خانگی اسکولس پر کڑی نظر رکھنے کی ضرورت

   

مراکز امتحانی میں متعدد دھاندلیوں کی شکایتیں ، بیشتر اسکولس کا ایک دوسرے سے رابطہ
حیدرآباد۔13مارچ(سیاست نیوز) ریاست میں شروع ہونے والے ایس ایس سی امتحانات پر محکمہ تعلیم کی جانب سے خصوصی نظر رکھے جانے کی ضرورت ہے کیونکہ شہر حیدرآباد میں موجود کئی خانگی امتحانی مراکز میں امتحانات کے دوران دھاندلیوں کی متعدد شکایات موصول ہورہی ہیں اور ان شکایات کے ازالہ کے لئے یہ ضروری ہے کہ شہر حیدرآباد میں موجود خانگی اسکولو ں پر خصوصی نظر رکھی جائے کیونکہ بیشتر اسکول انتظامیہ کی جانب سے امتحانی مراکز کے ذمہ داروں سے رابطہ قائم کرتے ہوئے اپنے اسکولوں کے طلبہ کیلئے راحت طلب کرنے کی کوشش کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ خانگی اسکولوں میں جہاںایس ایس سی امتحانی مراکز قائم کئے جاتے ہیںان میں دھاندلیوں کی کئی شکایات موصول ہوتی رہی ہیں اور محکمہ تعلیم اور شعبہ امتحانات کی جانب سے ایسے امتحانی مراکز کے خلاف کاروائی بھی کی جا چکی ہے لیکن اس کے باوجود بھی گنجان آبادی والے علاقوں میں موجود کئی اسکول جہاں امتحانی مراکز قائم کئے جاتے ہیں ان میں کئی دھاندلیا ں کی جاتی ہیں اور ان دھاندلیوں سے محکمہ کے بیشتر افراد واقف ہیں لیکن اس کے باوجود بھی ان کے خلاف شکنجہ کسنے کے اقدامات نہ کئے جانے کے سبب ان بدعنوانیوں میں مبتلاء مراکز کی حوصلہ افزائی ہونے لگی ہے جس کے سبب قابل اور تعلیم میں دلچسپی رکھنے والے طلبہ کا نقصان ہو رہا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ خانگی اسکولوں کے ذمہ دار اپنے اسکول کے بہتر نتائج کو یقینی بنانے کیلئے بھاری رقومات خرچ کرتے ہوئے امتحانی مراکز قائم کرنے والے انتظامیہ سے رجوع ہونے لگے ہیں جو کہ غیر قانونی بلکہ نقل نویسی اور تلبیس شخصی کی حوصلہ افزائی کے مماثل ہے۔ خانگی اسکولو ں کے ذمہ داروں کا کہناہے کہ اس طرح کی سرگرمیوں کو انجام دینا غلط ہے لیکن مسابقت کے اس دور میں اسکولو ںکے نتائج کو بہتر بنانے کے لئے یہ ضروری بھی ہوتا جا رہاہے اسی لئے محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ جن اسکولوں میں مراکز قائم کئے جا رہے ہیں ان اسکولوں کے انتظامیہ کو حدود سے دور رکھنے کے اقدامات کریں تاکہ جو امتحانی ذمہ داریوں کی ادائیگی کیلئے عملہ پہنچتا ہے وہ اپنے قواعد کے مطابق خدمات انجام دیتے ہوئے شفاف امتحانات کے انعقاد کو یقینی بنا سکے اور طلبہ میں موجود مسابقت کا جذبہ برقرار رہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈائریکٹوریٹ برائے امتحانات کی جانب سے بھی اس مرتبہ ایس ایس سی امتحانات کے دوران کسی قسم کی بدعنوانیوں یا بے قاعدگیوں کو روکنے کے لئے خصوصی انتظامات کئے جا رہے ہیں اور کہا جا رہاہے کہ سابق میں اس طرح کے انتظامات نہیں کئے جاتے تھے جبکہ اس مرتبہ نقل نویسی اور تلبیس شخصی کو روکنے کیلئے متعدد اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔