ایس ایس سی امتحانات کے شیڈول کو قطعیت دینے میں تاخیر

   

دوران امتحان تعطیلات سے بچنے متعلقہ حکام کا غور ۔ ماہرین سے مشاورت کا امکان
حیدرآباد 7۔ڈسمبر (سیاست نیوز) محکمہ تعلیم بالخصوص ڈائرکٹوریٹ امتحانات سے ایس ایس سی امتحان کی تواریخ کو قطعیت میں تاخیر پر عہدیدارو ںکا کہناہے کہ امتحان کے دوران تعطیلات نہ آئیں اس کیلئے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے جبکہ ایس ایس سی امتحانات کے دوران نہ صرف ماہ رمضان المبارک کیلئے تعطیلات آرہی ہیں بلکہ رام نومی کی تعطیلات بھی ہیں اسی لئے بورڈ سے محتاط رویہ اختیار کرکے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ حکومت سے 2026کی تعطیلات کا تاحال اعلان نہیں کیاگیا جبکہ ہر سال ماہ نومبر کے دوران آئندہ سال کی تعطیلات کی فہرست جاری کردی جاتی تھی ۔ چند ہفتہ قبل محکمہ سے 16یا18 مارچ سے ایس ایس سی امتحان کے آغاز کے متعلق اطلاع تھی لیکن ان اطلاعات کی تردید کرکے کہا گیا کہ 20 مارچ کو رمضان المبارک کا اختتام متوقع ہے جبکہ 26یا 27 مارچ کو رام نومی ہے اسی لئے محکمہ تعلیم سے ایس ایس سی امتحانات میں تاخیر کا منصوبہ ہی ہے ۔ کہا جار ہاہے کہ تہواروں کے بعد ریاست میں ایس ایس سی امتحانات کا امکان ہے جبکہ ماہرین تعلیم کا کہناہے کہ اگر امتحانات میں تاخیر کی جاتی ہے تو امیدواروں پر منفی اثرات کا خدشہ ہے اسی لئے حکومت کو ماہرین سے مشاورت کے بعد ہی قطعی فیصلہ کرنا چاہئے تاکہ ایس ایس سی امیدواروں پر منفی اثرات مرتب نہ ہوں۔عہدیدارو ںنے بتایا کہ ایس ایس سی 2026میں شرکت کیلئے تاحال 5لاکھ 40 ہزار سے زائد طلبہ نے رجسٹریشن کروالیا جبکہ 11 ڈسمبر تک 200 روپئے جرمانہ کے ساتھ امتحانی فیس جمع کروانے کی تاریخ ہے علاوہ ازیں 500 روپئے جرمانہ کے ساتھ 15 تا29 ڈسمبر کے دوران امتحانی فیس ادا کی جاسکتی ہے۔ذرائع کے مطابق فیس کی آخری تاریخ کے بعد محکمہ تعلیم اور ایس ایس سی بورڈ سے امتحانات کے شیڈول کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی اور اس دوران تواریخ کو قطعیت دی جائے گی۔3