ایس ایس سی امتحانات کے نظام الاوقات پر اعتراض

   

Ferty9 Clinic

ٹائم ٹیبل اسٹوڈنٹس کے مفاد کے خلاف ، تبدیلی لانے ٹی ایس یونائٹیڈ ٹیچرس فیڈریش کا ردعمل
حیدرآباد۔11۔ڈسمبر(سیاست نیوز) تلنگانہ میں ایس ایس سی امتحانات کے ٹائم ٹیبل پر ماہرین تعلیم کی جانب سے اعتراض کے بعد اب تلنگانہ اسٹیٹ یونائیٹڈ ٹیچرس فیڈریشن کی جانب سے بھی اعتراض کرتے ہوئے ٹائم ٹیبل میں تبدیلی کا مطالبہ کیا جانے لگا ہے اور کہا جار ہاہے کہ بورڈ آف سیکنڈری نے جو ٹائم ٹیبل تیار کیا ہے وہ غیر سائنسی ہے کیونکہ محض 7امتحانات کے لئے بورڈ کی جانب سے 35 روزہ ٹائم ٹیبل جاری کیاگیا ہے جو کہ طلبہ کے مفاد میں نہیں ہے۔ ٹی ایس یو ٹی ایف نے محکمہ تعلیم اور بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کی جانب سے جاری کئے گئے ٹائم ٹیبل کو طلبہ پر تناؤ میں اضافہ کا سبب قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ امتحانات کے درمیان 5 تا6یوم کا وقفہ رکھا جانا طلبہ کو الجھن میں مبتلاء کرنے کے مترادف ہے اور ٹائم ٹیبل کی تیاری کے دوران عہدیداروں نے اپنی رائے کو مقدم رکھا ہے جبکہ اساتذہ اور طلبہ تنظیموں سے اس سلسلہ میں کوئی مشاورت نہیں کی گئی جبکہ تعطیلات کے نتیجہ میں پیدا ہونے والے مسائل سے نمٹنے کے لئے کوئی درمیانی راستہ تلاش کرتے ہوئے کم سے کم وقفہ میں امتحانات کے انعقاد کو مکمل کرنے کے اقدامات کئے جاسکتے تھے لیکن بورڈ نے طلبہ کے مفادات کو ترجیح دینے کے بجائے تعطیلات کو ذہن میں رکھتے ہوئے ٹائم ٹیبل تیار کیا ہے ۔اساتذہ کی فیڈریشن نے بورڈ کی جانب سے تیار کئے گئے ٹائم ٹیبل پر اعتراض کی وجوہات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس ٹائم ٹیبل سے نہ صرف طلبہ کو مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا بلکہ وہ ایک ماہ سے زائد مدت تک امتحانات کے تناؤ میں رہیں گے بلکہ اس ٹائم ٹیبل پر عمل آوری کی صورت میں 6ویں تا 9 ویں جماعت کے طلبہ پر جو منفی اثرات ہوں گے اس بات کا بھی خیال نہیں رکھا گیا ہے کیونکہ ایس ایس سی امتحانات اگر ایک ماہ سے زائد تک جاری رہتے ہیں تو ایسی صورت میں 6ویں تا 9ویں جماعت کے طلبہ پر اساتذہ توجہ مرکوز نہیں کرپائیں گے جس کے نتیجہ میں ان کے امتحانات پر بھی منفی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے علاوہ ازیں اس غیر سائنسی ٹائم ٹیبل کا اثراساتذہ پر بھی ہوگا جو ایس ایس سی کے علاوہ دیگر جماعتوں کے امتحانات کے لئے بھی طلبہ کو تیار کرتے ہیں ۔اساتذہ کی تنظیموں کے ذمہ داروں نے بورڈ کے علاوہ محکمہ تعلیم کے عہدیداروں سے اپیل کی کہ وہ ایس ایس سی کے ٹائم ٹیبل پر نظرثانی کرتے ہوئے ماہرین تعلیم ‘ اساتذہ اور طلبہ کی تنظیموں سے مشاور ت کے بعد نئے ٹائم ٹیبل کی تیاری اور اجرائی کے اقدامات کریں۔3