آج کا پرچہ حسب شیڈول منعقد ہوگا
حیدرآباد 20 مارچ ( سیاست نیو ز) تلنگانہ ہائیکورٹ نے آج ریاستی حکومت اور ایس ایس سی بورڈ سے کہا کہ کورونا وائرس کے پیش نظر ایس ایس سی امتحانات کو ملتوی کیا جائے ۔ ایک درخواست کی سماعت کرتے ہوئے ہائیکورٹ نے ریاستی حکومت کو ہدایت دی کہ وہ 23 مارچ تا 30 اپریل ہونے والے مابقی امتحانات کا نیا شیڈول تیار کرے ۔ عدالت نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت کو فیصلہ کرنا چاہئے کہ جو دوسرے امتحانات 30 مارچ سے 6 اپریل تک ہونے والے ہیں ان کو بھی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ری شیڈول کرنے کے تعلق سے فیصلہ کرے ۔ چیف جسٹس جسٹس راگھویندر سنگھ چوہان اور جسٹس اے ابھیشیک ریڈی پر مشتمل ایک ڈویژن بنچ نے ایس ایس سی امتحانات کو ملتوی کرنے ایک درخواست کی سماعت کرتے ہوئے یہ عبوری ہدایت جاری کی ۔ عدالت نے اسخیال کا اظہار کیا کہ حکومت کو ایس ایس سی اور دوسرے امتحانات اب ری شیڈول کرنے چاہئیں تاکہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکا جاسکے ۔ عدالت نے کہا کہ متعلقہ عہدیدار صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد دسویں جماعت کے مابقی امتحانات کو دوبارہ منعقد کرنے کے تعلق سے فیصلہ کرسکتے ہیں۔ قبل ازیں وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے کہا تھا کہ امتحانات کو ملتوی کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے ۔ انہوں نے یوسف گوڑہ میں ایک امتحانی مرکز کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیا تھا ۔
