کورونا احتیاطی تدابیر ، چترا رامچندرن کاعہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔/28 مئی، ( سیاست نیوز) اسپیشل چیف سکریٹری محکمہ تعلیم چترا رامچندرن نے 8 جون سے شروع ہونے والے ایس ایس سی امتحانات کی تیاریوں کا اعلیٰ سطحی اجلاس میں جائزہ لیا۔ ہائی کورٹ کی ہدایت پر 8 جون سے ایس ایس سی کے مابقی پرچہ جات کے امتحانات کا آغاز ہوگا۔ امتحانات کے دوران کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے احتیاطی تدابیر کے سلسلہ میں چترا رامچندرن نے عہدیداروں کو ہدایات جاری کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن نئے امتحانی مراکز کا اضافہ کیا جارہا ہے ان کی بڑے پیمانے پر تشہیر کی جائے۔ کورونا سے بچاؤ کے سلسلہ میں حکومت نے امتحانی مراکز کی تعداد میں اضافہ کردیا ہے۔ امیدواروں کی سہولت کیلئے آر ٹی سی کی خصوصی بسیں چلائی جائیں گی۔ ضلع کلکٹرس سے کہا گیا ہے کہ وہ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے احتیاطی اقدامات کو قطعیت دیں تاکہ طلبہ کو امتحانات کے دوران کوئی دشواری نہ ہو۔ امتحانی مرکز کے نوٹس بورڈ پر رول نمبرس کے حساب سے نشستوں کے انتظام کی نشاندہی کی جائے تاکہ امیدوار اس کے مطابق اپنے امتحانی روم پہنچ سکیں۔ چار دن قبل طلبہ اور ان کے سرپرستوں کو امتحانی مراکز کی اطلاع دی جائے۔ طلبہ سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ امتحانی مراکز وقت سے پہلے پہنچ جائیں تاکہ حکام کو احتیاطی قدم اٹھانے میں سہولت ہو۔ امتحانی مراکز کو روزانہ سنیٹائز کیا جائے گا اور طلبہ کیلئے ماسکس فراہم کئے جائیں گے۔ سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ طلبہ کی تھرمل اسکریننگ کے بعد امتحانی مرکز میں داخلہ کی اجازت دی جائے گی۔ ہر ایک بنچ پر صرف ایک امیدوار کو بیٹھنے کا انتظام رہے گا۔ ہر ضلع میں طلبہ کی سہولت کیلئے ہیلپ لائن سنٹر قائم کیا جائے گا۔ بخار، سردی جیسے عوارض میں مبتلا امیدواروں کیلئے علحدہ انتظام رہے گا۔