آٹو ، ٹیکسی کی عدم دستیابی ، سرکاری بسیں ہی طلبہ کیلئے اہم ٹرانسپورٹ ذریعہ
حیدرآباد۔8مئی(سیاست نیوز) ایس ایس سی امتحانات کے دوران سڑکوں پر آرٹی سی بسیں نظر آنے لگ جائیں گی! لاک ڈاؤن کے دوران آر ٹی سی بسوں کے ذریعہ صرف ڈاکٹرس اور طبی عملہ کے علاوہ صفائی عملہ کی منتقلی کے اقدامات کئے جا رہے تھے لیکن اب جبکہ ریاستی حکومت کی جا نب سے ایس ایس سی امتحانات کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے اور محکمہ تعلیم کی جانب سے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں تو ایسی صورت میں آر ٹی سی کی خصوصی خدمات بھی ایس ایس سی طلبہ کے لئے شروع کئے جانے کا امکان ہے کیونکہ عام ایام میں جب کبھی ایس ایس سی امتحانات کا انعقاد عمل میں لایا جاتا ہے تو تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی جانب سے خصوصی بس خدمات کا انتظام کیا جاتا ہے اور اسے ایس ایس سی اسپیشل نجام دیا جاتا ہے لیکن اب جبکہ شہر حیدرآباد ہی نہیں بلکہ تلنگانہ میں کسی بھی مقام پر کوئی عوام ذرائع حمل و نقل کی سہولت موجود نہیں ہے ایسے میں آر ٹی سی کو اضافی بسوں کے ذریعہ خدمات انجام دینی پڑیں گی کیونکہ آٹوز‘ ٹیکسی اور دیگر ذرائع نہ ہونے کے سبب ایس ایس سی امیدواروں کو سفری مسائل سے دو چار ہونا پڑے گا اور اس مسائل سے نمٹنے کے لئے لازمی ہے کہ ریاست میں آرٹی سی کی جانب سے خصوصی خدمیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کو فوری آرٹی سی عہدیداروں سے ملاقات کرتے ہوئے ریاست میں جہاں کہیں ایس ایس سی کے امتحانی مراکز قائم کئے جا رہے ہیں ان کی تفصیلات کی فراہمی کے علاوہ ان مقامات تک رسائی کی تفصیلات سے واقف کروانے کی ضرورت ہے۔آرٹی سی کے ذمہ داروں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ایس ایس سی امتحانات کے لئے انتظامات کی ہدایات کے موصول ہوتے ہی آرٹی سی خصوصی خدمات فراہم کرنے کیلئے تیار ہے اور ہمیشہ کی طرح آرٹی سی مکمل پابندی کے ساتھ ایس ایس سی طلبہ کو امتحانی مراکز پہنچانے کی خدمات انجا م دے گی۔
