ایس آئی او تلنگانہ کا حکومت سے مطالبہ
حیدرآباد 31 مئی (یو این آئی) تلنگانہ حکومت نے ہائی کورٹ سے اجازت ملنے کے بعد اعلان کیا کہ ایس ایس سی امتحانات کا آغاز 5 جون سے ہوگا۔ ڈاکٹر طلحہ فیاض الدین ریاستی صدر ایس آئی او تلنگانہ نے صحافتی بیان میں کہا کہ ایس آئی او امتحان کو دوبارہ منعقد کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتی ہے۔ تاہم، جسمانی دوری کی مشق کرنا اور بہترین طبی احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہے ، حکومت کو چاہئے کہ وہ امتحانات میں شرکت کے دوران طلبہ کی حفاظت کو یقینی بنائیں ۔کوویڈ 19 کے درمیان جبکہ حکومت امتحانات کے انعقاد کے لئے پوری کوشش کر رہی ہے ، ہمیں اپنے تعلیمی نظام پر نظرثانی کرنے کی ضرورت محسوس ہوتی ہے ۔ ناقص انفراسٹرکچر اور بغیر تیاریوں کی وجہ سے بورڈ کسی قابل بھروسہ متبادل امتحان کے نظام کے ساتھ نہیں آ سکا،جو یہ انکشاف کرتا ہے کہ طلبہ کو ‘تعلیم یافتہ’ ہونے کے بجائے صرف ایک خاص کام یعنی جوابی پرچہ لکھنے کی تربیت دی گئی ہے ، چونکہ یہ وبائی بیماری ہماری زندگیوں پر لمبے عرصے تک اثر انداز ہوتی ہے ، اسی لئے طلبہ کو بھی ماہرین کی تجویز کردہ احتیاطی تدابیر کے ساتھ زندگی گزارنے کے لئے راستے تلاش کرنے کی ضرورت ہے ۔ڈاکٹر عبد الواسع (ڈبلیو ایچ او مشیر) نے مشورہ دیا کہ ایس ایس سی بورڈ محکمہ صحت کے ساتھ مل کر کام کرے تاکہ ہر امتحانی مرکز میں صحت کی بہترین سہولیات کو یقینی بنانے کے لئے محکموں کے مابین شفافیت ہو۔انہوں نے کہاکہ ایس آئی او حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ اس بات کو یقینی بنائے کہ امتحانی مراکز مستقل اور اچھی طرح سے صاف ستھرے ہوں۔جسمانی فاصلاتی اصولوں کے مطابق خصوصی امتحانی بسوں کا بندوبست کرکے سفر کو آسان بنایا جائے ۔احتیاطی تدابیر کو واضح کرتے بیانرس، پوسٹرس اور فلیکسی مناسب طبی امدادی اہلکاروں کے ساتھ ہر امتحانی سنٹر پر آویزاں کئے جائیں۔ریڈ زون کے تمام امتحانی مراکز میں درجہ حرارت کی جانچ، ماسک، جراثیم کش اسپرے مشین لگایا جائے ۔کیمپس سکریٹری ایس آئی او تلنگانہ، قیام الدین نے بھی طلبہ پر زور دیا کہ وہ جسمانی فاصلاتی اصولوں پر عمل کریں اور امتحان کے فورا بعد گھر واپس آجائیں۔ انہوں نے طلبہ کی کامیابی اور ان کی صحت اور بہتر مستقبل کیلئے دعا کی۔