اوقات صبح 9:30 تا 12:45 بجے دن ہوں گے، وزیر تعلیم سبیتا اندرا کا اجلاس
حیدرآباد۔ 6 اپریل (پریس نوٹ) ایس ایس سی سالانہ امتحان میں شرکت کرنے والے طلبہ کے لئے امتحان تحریر کرنے کے وقت میں 30 منٹ کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اب ایس ایس سی امتحان کے اوقات صبح 9:30 بجے سے دن میں 12:45 بجے ہوں گے جبکہ گزشتہ برسوں میں امتحانات کے اوقات صبح 9:30 بجے تا 12:15 بجے دن تھے۔ امتحان کے دورانیہ میں گزشتہ سال بھی اضافہ کیا گیا تھا تاہم کورونا وباء کے باعث امتحانات منعقد نہیں ہوسکے تھے۔ تلنگانہ میں ایس ایس سی سالانہ امتحانات 2022 کا آغاز 23 مئی سے ہو رہا ہے۔ ایس ایس سی پیپر 1 اور پیپر 2 بالترتیب 30 اور 31 مئی کو منعقد ہوں گے۔ ایس ایس سی اوکیشنل کورس تھیوری امتحان یکم جون کو ہوگا۔ وزیر تعلیم پی سبیتا اندرا ریڈی نے چہارشنبہ کو اس سلسلہ میں ایک اجلاس منعقد کیا۔ بتایا گیا ہے کہ ایس ایس سی امتحان میں 5 لاکھ سے زائد طلبہ شرکت کریں گے۔ وزیر تعلیم نے عہدیداروں کو امتحانات کے لئے تمام ضروری انتظامات کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ طلبہ کو کسی قسم کی تکلیف یا دشواری نہ ہو۔ کلاسیس کے تاخیر سے آغاز کے باعث ایس ایس سی پبلک امتحان 2022 کو 6 پیپرس کے ساتھ ہی منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔امتحان میں 70 فیصد نصاب کا ہی احاطہ کیا جائے گا اور امتحان کے وقت میں طلبہ کی سہولت کیلئے 30 منٹ کی توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے۔