ایس ایس سی امتحان کے پرامن انعقاد کیلئے تمام تیاریاں مکمل

   

پرنسپال سکریٹری جناردھن ریڈی کی عہدیداران کے ساتھ ویڈیو کانفرنس

میدک /15 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) پرنسپل سکریٹری ریاستی اسکول ایجوکیشن مسٹر جناردھان ریڈی نے ضلع میدک کے تعلیمات کے عہدیداروں کے ساتھ سکریٹریٹ سے ایک ویڈیو کانفرنس منعقد کیا ۔ جس میں انہوں نے 16 مارچ سے آغاز ہونے والے ایس ایس سی بورڈ امتحانات سے متعلق جائزہ لیتے ہوئے عہدیداروں کو ضروری ہدایتیں جاری کی ۔ اس ویڈیو کانفرنس میں اسسٹنٹ ڈائرکٹر ضلع تعلیمات مسٹر بھاسکر ، نوڈل آفیسر تعلیمات مسٹر مدھو موہن کے علاوہ ضلع جوائنٹ کلکٹر مسٹر جی ناگیش بھی بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی ۔ اس جائزہ اجلاس میں ریاستی ایجوکیشن سکریٹری کو ضلع جوائنٹ کلکٹر نے بتایا کہ ضلع میدک میں ایس ایس سی امتحانات کے انعقاد سے متعلق پرامن و شفاف انداز میں عمل میں لانے کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں ان امتحانات کیلئے 67 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں ۔ ضلع بھر سے 11633 امیدوار شرکت کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ امتحانی مراکز کے قریب واقع زیراکس سنٹرس بند کردئے جائیں گے اور امتحانی مراکز کے حدود میں دفعہ 144 بھی نافذ کردیا جائے گا ۔ اس اجلاس میں ڈپٹی ای ای ٹرانسکو مسٹر ملیشم ، ٹریژری کے اے ڈی مسٹر رمیش ، سرکل انسپکٹر پولیس مسٹر وینکٹیا ، محکمہ ہیلت کے عہدیدار ڈاکٹر نوین ، سرکل انسپکٹر پولیس وینکٹ ریڈی بھی موجود تھے ۔