طلبہ کی حفاظت کیلئے فیصلہ، 31 جولائی سے قبل نتائج کا اعلان
حیدرآباد: سپریم کورٹ نے ایس ایس سی اور انٹر امتحانات کی منسوخی سے متعلق آندھراپردیش حکومت کے فیصلہ کو سراہا ہے ۔ سی بی ایس سی امتحانات کی منسوخی سے متعلق معاملہ کی سماعت کے دوران آندھراپردیش حکومت کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ایس ایس سی اور انٹرمیڈیٹ امتحانات منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ عدالت کو بتایا گیا کہ انتخابی ریالیوں اور جلسوں کے انعقاد سے عوام کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ چیف منسٹر آندھراپردیش نے موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے امتحانات کی منسوخی کا فیصلہ کیا ہے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ اگرچہ حکومت امتحانات کے انعقاد کے لئے تیار تھی لیکن عوام کے جذبات کو ملحوظ رکھتے ہوئے منسوخی کا فیصلہ کیا گیا ۔ اندرون 10 یوم اعلیٰ اختیاری کمیٹی اسسمنٹ اسکیم کو قطعیت دے گی اور 31 جولائی سے قبل نتائج جاری کردیئے جائیں گے ۔ سرکاری وکیل نے کہا کہ ایسے وقت جبکہ سارے ملک میں طلبہ کے مفاد میں امتحانات منسوخ کئے جارہے ہیں، آندھراپردیش حکومت علحدہ راستہ اختیار نہیں کرسکتی۔ واضح رہے کہ امتحانات کے انعقاد پر سپریم کورٹ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کو انتباہ دیا تھا کہ اگر ایک بھی طالب علم کی کورونا سے موت ہوتی ہے تو حکومت کو ایک کروڑ روپئے ادا کرنے ہوں گے ۔