جون یا جولائی کے وسط میں امتحانات کے انعقاد کی تجویز
حیدرآباد۔ ریاستی حکومت کے محکمہ تعلیم اور شعبہ امتحانات کی جانب سے ایس ایس سی اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کو مزید آسان بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اورکہا جا رہا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ڈائریکٹوریٹ امتحانات کو اس بات کی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ امتحانات کو آسان بنائیں کیونکہ جاریہ تعلیمی سال کے دوران صرف 80 یوم کام کے دن کی حیثیت سے شمار کئے جانے والے ہیں اور حکومت کی جانب سے 9ویں جماعت سے اوپر تمام جماعتوںکے امتحانات کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔بتایاجاتا ہے کہ جاریہ تعلیمی سال کے دوران 30 فیصد نصاب میں تخفیف کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس تخفیف کو نظر میں رکھتے ہوئے 70 فیصد نصاب میں ہی امتحانات کے انعقادکے سلسلہ میں غور کیا جارہاہے اور کہا جا رہاہے کہ 70 فیصد نصاب کا جو امتحان منعقد کیا جا ئے گا اس کیلئے وقت بھی کم دیا جائے گا اور ایس ایس سی امتحان جو کہ ڈھائی گھنٹے کا ہوا کرتا تھا اب وہ صرف دیڑھ گھنٹے کا رہے گا اور ممکنہ حد تک اس میں مختصر سوالات کے مختصر جوابات تحریر کرنے ہوں گے۔ تعلیمی سال 2020-21 کے دوران نصاب میں تخفیف اور کارکرد ایام کی فہرست کے اعتبار سے امتحانات کے انعقاد کی جو منصوبہ بندی کی جارہی ہے اس کے مطابق شہر حید رآباد کے علاوہ ریاست تلنگانہ کے تمام اضلاع میں امتحانی مراکز کی تعداد میں بھی اضافہ کا منصوبہ تیارکئے جانے کا امکان ہے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کی جانے والی ہدایات کے سلسلہ میں کہا جا رہاہے کہ جاریہ سال ایس ایس سی اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں طلبہ کو کافی آسانی ہوگی اور طلبہ امتحانات میں آسانی سے کامیابی حاصل کرپائیں گے۔ آن لائن تعلیم اور یکم فروری سے باضابطہ کلاسس کے آغاز کے باوجود حکومت کو ماہ اپریل کے اختتام تک امتحانات کے انعقاد کو یقینی بنانا ہوگا اسی لئے ریاستی حکومت کو پیش کی گئی تجاویز میں کہا گیا ہے کہ امتحانات ماہ مارچ یا اپریل کے بجائے جون یا جولائی کے وسط میں منعقد کرنے کے اقدامات کئے جائیں لیکن ذرائع کا کہناہے کہ حکومت کی جانب سے امتحانات کے شیڈول میں کوئی بڑی تبدیلی کے امکانات نہیں ہیں کیونکہ اگر امتحانات کا شیڈول تبدیل کیا جاتا ہے اور امتحانات کے انعقاد میں تاخیر ہوتی ہے تو ایسی صورت میں آئندہ تعلیمی سال کے آغاز میں بھی تاخیر کے امکانات ہوں گے اسی لئے حکومت کی جانب سے ایسا کوئی فیصلہ کئے جانے کے آثار نہیں ہیں جو کہ آئندہ تعلیمی سال کے آغازیا قومی سطح پر منعقد ہونے والے مسابقتی اور اہلیتی امتحانات پر اثر انداز ہو۔