ایس ایس سی اور انٹر میڈیٹ امتحانات میں اقلیتی اقامتی اداروں کے شاندار نتائج

   

60اسکولوں کا نتیجہ صد فیصد، 30 جونیر کالجس میں صد فیصد نتیجہ: بی شفیع اللہ
حیدرآباد۔/10 مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں ایس ایس سی اور انٹر میڈیٹ امتحانات میں اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کے اداروں کے طلبہ نے شاندار مظاہرہ کیا ہے۔ سکریٹری تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی بی شفیع اللہ کے مطابق 204 اقامتی اسکولوں اور جونیر کالجس نے جاریہ سال بھی بہتر نتائج کا ریکارڈ برقرار رکھا ہے۔ ایس ایس سی امتحانات میں 60 اسکولوں کا نتیجہ صدفیصد رہا جبکہ اقامتی اسکولوں کے مجموعی نتائج 95 فیصد رہے ہیں۔ انٹرمیڈیٹ امتحانات میں 30 اقامتی جونیر کالجس کا نتیجہ صدفیصد رہا جبکہ جونیر کالجس کا مجموعی نتیجہ 84.4 فیصد درج کیا گیا۔ بی شفیع اللہ کے مطابق ایس ایس سی میں 10638 طلبہ نے شرکت کی اور 10090 طلبہ کامیاب رہے۔ انٹر میڈیٹ فرسٹ ایئر میں 8396 طلبہ جبکہ انٹر میڈیٹ سیکنڈ ایئر میں 8233 طلبہ نے شرکت کی اور علی الترتیب 6919 اور 7121 طلبہ کامیاب رہے۔ ایس ایس سی کا مجموعی نتیجہ 95 فیصد رہا جبکہ فرسٹ ایئر کا 82.4 فیصد اور سیکنڈ ایئر کا 86.5 فیصد رہا۔ انٹر میڈیٹ سیکنڈ ایئر میں گولکنڈہ گرلز کی طالبہ رضیہ نے بی پی سی، منچریال گرلز کی طالبہ جی سنکیرتنا نے ایم پی سی، نکریکل گرلز کی وائی انوشا نے سی ای سی اور محبوب نگر بوائز کے ایس اجئے نے ایم ایل ٹی ووکیشنل میں 1000 نشانات میں سے علی الترتیب 989،985 ،966 اور 980 نشانات حاصل کئے۔ انٹر فرسٹ ایئر میں محبوب نگر گرلزکی طالبہ جھانوی نے ایم پی سی میں 470 کے منجملہ 467 نشانات حاصل کئے۔ گدوال گرلز کی اوشا سری نے440 میں سے 435 جبکہ جوبلی ہلز گرلز کی روحین نے 500 میں 490 اور محبوب نگر کی الفیہ نے 500 میں 493 نشانات حاصل کئے۔ طلبہ کے ایس ایس سی اور انٹر میڈیٹ میں شاندار مظاہرہ پر وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور اور اقامتی اسکول سوسائٹی کے صدرنشین اے کے خاں نے مبارکباد پیش کی۔ بی شفیع اللہ نے بتایا کہ ٹمریز کے طلبہ کو انجینئرنگ، میڈیسن اور دیگر پیشہ ورانہ کورسیس میں نشستیں حاصل ہورہی ہیں۔ ٹمریز کی جانب سے ٹریپل آئی ٹی ، این آئی ٹی اور دیگر اداروں میں داخلوں کیلئے طلبہ کو کوچنگ دی جارہی ہے۔ ٹمریز سوسائٹی نے مسابقتی امتحانات جیسے جے ای ای، آئی آئی ٹی، نیٹ، ایمسٹ، CLAT ، این ڈی اے، سی اے، سی پی ٹی میں کوچنگ فراہم کی جارہی ہے۔ بی شفیع اللہ نے اولیائے طلبہ سے اپیل کی کہ اقامتی جونیر کالجس میں اپنے بچوں کا داخلہ کرائیں تاکہ بہتر تعلیم حاصل ہو۔ر