ایس ایس سی سکنڈ لینگویج تلگو کوئسچن بینک انگلش و اردو میڈیم کیلئے مفید ثابت

   

ماہر اساتذہ کی زیر نگرانی تیاری ، دفتر سیاست میں کتاب کی رسم اجراء ، جناب عامر علی خاں و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 19 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : ایس ایس سی کسی بھی طالب علم کے لیے مستقبل کے تعین کرنے کی بنیاد ہوتا ہے ۔ Stepping stone ہے اس کے لیے ترقی کی منزلوں کا آغاز کرسکتے ہیں ان خیالات کا اظہار جناب عامر علی خاں ایڈیٹر سیاست نے دفتر سیاست میں ایس ایس سی تلگو کوئسچن بنک کی رسم اجرائی انجام دیتے ہوئے کیا اور کہا کہ ادارہ سیاست کے تحت شروع کردہ ایس ایس سی کوئسچن بینک کی اشاعت کا سلسلہ گذشتہ کئی برسوں سے جاری ہے ۔ تلگو سکنڈ لینگویج انگلش میڈیم اور اردو میڈیم طلبہ کے لیے مفید ثابت ہوگی ۔ اس لیے ہر سال سکنڈ لینگویج تلگو کے کوئسچن بنک کو ماہر اساتذہ کے زیر نگرانی تیار کیا جاتا ہے ۔ اس موقع پر انہوں نے اس ٹیم کے جملہ ارکان کے خدمات کی ستائش کی جو ہر سال اس کورس کو بِڑی عمدگی سے مرتب کرتے ہیں ۔ بالخصوص جناب احمد بشیر الدین فاروقی اور محمد رفیع تلگو پنڈت کی ستائش کی ۔ ادارہ سیاست زندگی کے مختلف شعبہ جات میں کام کررہا ہے اس میں کوئسچن بنک کی اشاعت بھی شامل ہیں ۔ جناب فضل الرحمن خرم ڈائرکٹر ڈان ہائی اسکول نے ادارہ سیاست کے کاوشوں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ نہ صرف تعلیمی شعبہ بلکہ دیگر کئی شعبہ جات میں جاری خدمات کے حوالہ سے اس کو ملت کے لیے خوش آئند اقدام قرار دیا۔ اس موقع پر انہوں نے مرحوم جناب ظہیر الدین علی خاں صاحب کو یاد کرتے ہوئے ان کے دو ہونہار فرزند جناب اصغر علی خاں اور جناب فخر علی خاں کو ان کے نقش قدم پر چلنے کی تلقین کی ۔ جناب احمد بشیر الدین فاروقی ریٹائرڈ ڈپٹی ایجوکیشنل آفیسر نے کوئسچن بنک کی تیاری کے لیے گذشتہ 20 برسوں سے جاری اس سلسلہ میں جو اساتذہ تعاون کرتے ہیں ان کی سرہناکی اور کہا کہ وہ وظیفہ کے بعد بھی اساتذہ اور اسکول انتظامیہ سے رابطہ میں ہیں اور یہ کام جاری ہے ۔ جس سے بے شمار طلبہ مستفید ہورہے ہیں جناب خلیل الرحمن ( نیو ماڈل اسکول ) نے بھی مخاطب کیا ۔ اعزازی مہمانان میں انجینئر سید حیدر علی (جسارت اسکول ) ، جناب عمران احمد ( بوسٹن اسکول ) تھے ۔ اس موقع پر محمد رفیع تلگو پنڈت اور عبدالماجد موجود تھے ۔ کیرئیر کونسلر ایم اے حمید نے نظامت کے فرائض انجام دئیے اور آخر میں شکریہ ادا کیا ۔۔