ایس ایس سی طلبہ کو ایف اے 1کی بنیاد پر نشانات

   

محکمہ تعلیم کی سفارشات حکومت کو پیش
حیدرآباد۔ تلنگانہ حکومت نے کورونا کیسس میں اضافہ کے پیش نظر ایس ایس سی امتحانات منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے تاہم طلبہ کو ایف اے 1کے مظاہرہ کی بنیاد پر نشانات الاٹ کئے جائیں گے۔ بورڈ آف سکنڈری کے پاس یہ واحد راستہ ہے جس کے تحت طلبہ کو نشانات الاٹ کئے جاسکتے ہیں۔ ایسے امیدوار جو ایف اے 1میں شریک نہیں ہوئے تاہم انہوں نے ایس ایس سی امتحان کیلئے خود کو رجسٹرڈ کرایا تھا ایسے طلبہ کو امکان ہے کہ تمام مضامین میں کم سے کم پاسنگ مارکس دیئے جائیں گے۔ عہدیداروں کے مطابق ایس ایس سی بورڈ 26 اپریل تک حکومت کو اپنی تجاویز پیش کرے گا۔ ڈائرکٹر سرکاری امتحانات اے ست نارائن ریڈی نے کہا کہ ایس ایس سی طلبہ کو نشانات الاٹ کرنے کا واحد راستہ ایف اے 1 میں کارکردگی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایف اے 1 امتحان میں تقریباً 90 فیصد طلبہ نے حصہ لیا تھا جو مارچ 2021 کو منعقد ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کی حاضری کو بنیاد نہیں بنایا جاسکتا کیونکہ جاریہ تعلیمی سال اسکول بمشکل ایک یا دو ماہ کھلے رہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکولوں کی جانب سے ایف اے 1 میں طلبہ کے نشانات کی تفصیلات اَپ لوڈ کی جارہی ہیں۔ اس کام کی تکمیل کے بعد ایف اے 1 میں حصہ لینے والے طلبہ کی حقیقی تعداد کا پتہ چلے گا۔ کورونا وباء اور اسکولوں کے بند ہونے کے سبب محکمہ تعلیم نے اسسمنٹ کی تعداد کو نصف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 2020-21 تعلیمی سال کیلئے اسسمنٹ امتحانات میں کمی کی گئی۔