اول تا 9 ویں جماعت کے لیے 7 تا 16 اپریل سالانہ امتحانات ، شیڈول جاری
حیدرآباد ۔ 24 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : ریاست بھر میں آئندہ سال یعنی 19 مارچ 2020 سے منعقد ہونے والے امتحانات ایس ایس سی میں شرکت کرنے والے طلباء وطالبات کے لیے 11 فروری سے ’ پری فائنل ‘ امتحانات منعقد کرنے کا ایس سی ای آر ٹی نے ریاست کے تمام ریجنل ڈائرکٹرس محکمہ تعلیمات اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسرس کو ہدایت دی ہیں اور پری فائنل امتحانات کے لیے جاری کردہ شیڈول کے مطابق امتحانات کا انعقاد عمل میں لانے کے لیے فوری طور پر ضروری اقدامات کرنے کے احکامات جاری کئے گئے اور ان احکامات میں بتایا گیا کہ 11 فروری تا 15 فروری ، 17 تا 20 فروری اور 24 فروری و 25 فروری تک دسویں جماعت کے طلباء و طالبات کے لیے پری فائنل امتحانات کا انعقاد عمل میں لانے کی واضح ہدایات دی گئیں ۔ علاوہ ازیں بتایا گیا کہ اول جماعت تا نویں جماعت کے طلباء وطالبات کے لیے آئندہ سال یعنی 7 اپریل تا 16 اپریل سالانہ امتحانات ( ایس اے II ) منعقد کئے جائیں گے ۔ ان امتحانات سے متعلق اول جماعت تا پانچویں جماعت کے سالانہ امتحانات کے اوقات صبح ساڑھے نو بجے تا 12 بجے دوپہر تک ہوں گے ۔ جب کہ چھٹویں جماعت تا ساتویں جماعت کے طلباء وطالبات کے لیے امتحانی اوقات صبح 10 بجے تا 12-45 بجے تک ہوں گے ۔ آٹھویں جماعت کے طلباء وطالبات کے لیے امتحانی اوقات دوپہر دو بجے تا شام 4-45 بجے تک ہوں گے اور نویں جماعت کے طلباء وطالبات کے لیے امتحانی اوقات پرچہ اول کے لیے صبح 10 بجے تا دوپہر 12-45 بجے تک پرچہ دوم کے لیے دوپہر دو بجے تا شام 4-45 بجے تک ہوں گے ۔ بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ تمام جماعتوں ( اول تا نویں جماعت ) کے لیے منعقد ہونے والے امتحانات کے نتائج کا 18 اپریل کو اعلان کردیا جائے گا اور نتائج کا اعلان کرتے ہوئے طلبا وطالبات کو امتحانی جوابی پیپرس بھی حوالہ کردئیے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ 20 اپریل کو پیرنٹس ، ٹیچرس کا اجلاس طلب کرنے کی بھی ضروری ہدایات دی گئی ہیں ۔۔