جنگاؤں /8 مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع کلکٹرجنگاؤں رضوان باشاہ شیخ نے ایڈیشنل کلکٹر (مجالس مقامی) پنکیش کمار کے ہمراہ عمارت برائے مربوط ضلعی دفاتر جنگاؤں کے کانفرنس ہال میں ایس ایس سی 2025 میں بہترین نتائج حاصل کرنے والے طلبہ اور اسکول کے پرنسپلوں کیلئے ایک تقریب منعقد کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ضلع کلکٹر نے کہا کہ یہ بڑے فخر کی بات ہے کہ ایس ایس سی 2025 کے نتائج میں جنگاؤں ضلع نے ریاست میں تیسرا مقام حاصل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا بنیادی مقصد سرکاری اسکولوں میں پڑھنے والے طلباء کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ ضلع کے (129) اسکولوں نے صد فیصد نتائج حاصل کیے، جس سے ضلع سرفہرست ہے۔ کلکٹر نے دسویں جماعت میں بہترین نتائج حاصل کرنے والے اسکولوں کے پرنسپلز، اساتذہ، ہاسٹل وارڈنز، طلباء اور ان کے والدین کو مبارکباد دی۔ بعد ازاں ڈسٹرکٹ رائس ملرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے دسویں کے نتائج میں بہترین نمبر حاصل کرنے والے (23) طلباء کو ان کے والدین کے ہمراہ سائیکلیں بطور انعام پیش کیئے گئے۔اور (129) اسکولی پرنسپل کو توسیفی اسناد پیش کی گئیں۔اس موقع پر ضلع مہتمم تعلیم بھوجنا، بی سی ویلفیر آفیسر رویندر، ایس سی ویلفیئر و مائناریٹی ویلفیر آفیسر ڈاکٹر بی۔وکرم کمار ، ڈی آئی ای او جتیندر ریڈی نے شرکت کی۔