نرمل سرفہرست ،وقارآباد کو آخری مقام، اردو میڈیم امیدواروںکے بہتر نتائج، 3927 اسکولوں کا نتیجہ صدفیصد
حیدرآباد: 30 اپریل (سیاست نیوز) بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن نے ایس ایس سی امتحانات منعقدہ مارچ 2024 کے نتائج جاری کردیئے۔ پرنسپل سکریٹری محکمہ تعلیم بی وینکٹیشم نے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ نتائج جاری کئے جس میں ریاست بھر میں مجموعی نتیجہ 91.31 فیصد رہا۔ لڑکیوں نے لڑکوں کے مقابلے اس مرتبہ بھی بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے 3.81 فیصد زائد کامیابی حاصل کی۔ ایس ایس سی امتحانات 18 مارچ تا 2 اپریل منعقد کئے گئے تھے اور جملہ 508330 امیدواروں نے امتحانات کے لیے رجسٹر کروایا تھا۔ امتحانات میں ریگولر اور پرائویٹ کے جملہ 505813 امیدواروں نے حصہ لیا۔ وینکٹیشم کے مطابق ریگولر امیدواروں کی تعداد 494207 رہی جبکہ 11604 خانگی امیدواروں نے امتحانات میں حصہ لیا۔ گزشتہ سال کے امتحانات میں 491862 امیدواروں نے شرکت کی تھی۔ ایس ایس سی امتحانات میں لڑکیوں کی کامیابی کا فیصد 93.23 رہا جبکہ لڑکے 89.42 فیصد کامیاب رہے۔ خانگی امیدواروں کی کامیابی کا فیصد 49.73 رہا۔ خانگی امیدواروں میں بھی لڑکیوں کا مظاہرہ لڑکوں سے بہتر رہا۔ لڑکیاں 54.14 فیصد کامیاب رہیں جبکہ لڑکے 47.40 فیصد کامیاب ہوئے۔ لڑکیوں نے 6.74 فیصد اضافی کامیابی حاصل کی۔ ریگلو امیدواروں میں جاریہ سال 39.27 اسکولوں کے نتائج صد فیصد رہے۔ جبکہ 6 اسکولوں کا نتیجہ صفر رہا۔ نرمل ضلع 99.05 فیصد کامیابی کے ساتھ ریاست میں سرفہرست رہا جبکہ وقارآباد 65.10 فیصد کے ساتھ آخری نمبر پر رہا۔ تلنگانہ کے سرکاری اقامتی اسکولوں کا نتیجہ 98.71 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ بی وینکٹیشم کے مطابق اقلیت، ایس سی، ایس ٹی اور بی سی اقامتی اسکولوں کے علاوہ ماڈل اسکولس اور کے جی بی وی اسکولوں کے نتائج جاریہ سال بہتر رہے۔ آشرم، ایڈیڈ، ضلع پریشد اور سرکاری اسکولوں کا نتیجہ ریاست کے نتیجہ سے کم رہا۔ ایس ایس سی امتحانات میں 248999 لڑکے اور 245208 لڑکیوں نے حصہ لیا جن میں علی الترتیب 222656 اور 228616 امیدوار کامیاب رہے۔ سدی پیٹ 98.65 فیصد نتیجہ کے ساتھ دوسرے اور سرسلہ ضلع 98.27 فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ رنگاریڈی میں 91.01 فیصد اور حیدرآباد میں 86.76 فیصد امیدوار کامیاب رہے۔ بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن نے مضامین کے اعتبار سے نتائج کا فیصد جاری کیا جس کے تحت فرسٹ لینگویج کا نتیجہ 97.12 فیصد رہا۔ سیکنڈ لینگویج 99.87 فیصد تھرڈ لینگویج 98.30 فیصد، میتھس 96.46 فیصد، جنرل سائنس 96.60 فیصد اور سوشل اسٹیڈیز میں 99.05 فیصد نتائج رہے۔ تلگو میڈیم سے بہتر اردو میڈیم طلبہ کا نتیجہ رہا۔ تلگو میڈیم طلبہ کی کامیابی کا فیصد 80.71 رہا جبکہ اردو میڈیم کے 81.50 فیصد طلبہ کامیاب رہے۔ انگلش میڈیم کا نتیجہ 93.74 فیصد رہا۔ اردو میڈیم کے جملہ 7508 طلبہ نے امتحان میں شرکت کی جن میں سے 6119 کامیاب رہے۔ 1
ایس ایس سی اڈوانس سپلیمنٹری امتحانات کا 3 جون سے آغاز
حیدرآباد: 30 اپریل (سیاست نیوز) ایس سی سی اڈوانس سپیلمنٹری امتحانات 3 تا 13 جون منعقد ہوں گے۔ امتحانات کا وقت صبح 9:30 بجے تا 12:30 بجے رہے گا۔ امیدوار متعلقہ اسکولس کے ہیڈماسٹرس کے پاس 16 مئی تک فیصد جمع کرسکتے ہیں۔ 50 روپئے دیرانہ فیس کے ساتھ امتحانات کے آغاز سے دو دن قبل تک فیس جمع کرائی جاسکتی ہے۔ فی مضمون نشانات کی دوبارہ جانچ کیلئے 500 روپئے فیس مقرر کی گئی ہے۔ امیدوار نشانات کی دوبارہ جانچ کے لیے راست طور پر دفتر ڈائرکٹر گورنمنٹ ایگزامنیشن میں درخواست دے سکتے ہیں۔ 1