ایس ایس سی کے امتحانات میں صرف 6 پرچہ جات

,

   

کورونا کے باعث 11 کے بجائے 6پرچے لکھنے ہوں گے۔ طلبہ کو بہت بڑی راحت

حیدرآباد۔ ریاستی حکومت کے محکمہ تعلیم اور ڈائریکٹوریٹ آف اگزامینیشن کی جانب سے کئے گئے فیصلہ کے مطابق ایس ایس سی امتحانات میں 11 کے بجائے صرف 6 پرچہ جات ہوں گے ۔ ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے کئے گئے اس فیصلہ سے ایس ایس سی طلبہ کو بڑی راحت حاصل ہوئی ہے اور آج جاری کئے گئے احکامات کے مطابق ریاست میں منعقد ہونے والے امتحانات میں نشانات کے حصول کے طریقہ میں کوئی تبدیلی نہیں لائی جائے گی بلکہ 2021 ایس ایس سی امتحانات میں جملہ 600 نشانات کے ہی پرچہ جات ہوں گے جن میں 480 سالانہ امتحانات کے نشانات اور 120 انٹرنل مارکس دیئے جائیں گے۔نئے امتحانات کے پرچۂ جات کے مطابق زبان اول کے دو پرچہ کی جگہ ایک پرچہ منعقد کیا جائے گا۔انگریزی کا ایک پرچہ ہوگا‘ سائنس میں فزیکل سائنس اور بائیولوجیکل سائنس کا ایک ہی مشترکہ پرچہ ہوگا۔حساب (میاتھس) کا بھی ایک پرچہ ہوگا۔اس کے علاوہ سوشل کا ایک پرچہ ہوگا۔ زبان دوم کے پرچہ میں کوئی تبدیلی نہیں لائی گئی ہے لیکن امتحان کے اوقات کار میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکومت کے احکام کے مطابق ایس ایس سی امتحانات کے لئے جو 2گھنٹے 45منٹ کا وقت دیا جاتا تھا اس میں 30منٹ کا اضافہ کرتے ہوئے 3گھنٹے 15 منٹ کا وقت دیا جائے گا۔ تعلیمی سال کے دوران بیشتر وقت آن لائن تعلیم میں گذرنے کے سبب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ریاست میں ایس ایس سی امتحانات کے پرچوں میں نصاب جو مکمل کیا گیا ہے اسی کے سوالات شامل کئے جائیں اور زیادہ سے زیادہ صحیح جواب پر نشان لگانے کے لئے سہولت فراہم کی جائے گی۔ سائنس کے پرچہ کے دوران امیدواروں کو دو علحدہ جوابی بیاضات فراہم کئے جائیں گے تاکہ فزیکل سائنس اور بائیولوجیکل سائنس کے جوابات علحدہ علحدہ دیئے جاسکیںاور جوابی بیاضات کی تنقیح میں سہولت ہو۔ریاستی حکومت نے ووکیشنل کورسس کے علاوہ زبان دوم کے پرچوں اور او ایس ایس سی کے طریقہ امتحان میں کسی بھی طرح کی تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا جارہاہے کہ صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ضرورت پڑنے پر اس سلسلہ میں مزید احکامات کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے کئے جانے والے اس اہم فیصلہ کے بعد ریاست میں ایس ایس سی امتحانات کے مجموعی اعتبار سے صرف 6 پرچہ ٔ جات منعقد کئے جائیں گے۔