ایس ایس سی کے تمام طلبہ کو پاس کرنے کے احکامات جاری

   

انٹرنل اسسمنٹ کی بنیاد پر گریڈ دیا جائے گا
حیدرآباد ۔10۔ جون (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے ایس ایس سی کے تمام طلبہ کو پروموٹ کرتے ہوئے احکامات جاری کئے ہیں ۔ اسپیشل چیف سکریٹری محکمہ تعلیم چترا رام چندرن نے آج جی او جاری کیا جس کے تحت تعلیمی سال 2019-20 ء کے ایس ایس سی ، او ایس ایس سی اور ووکیشنل کورسس کے تمام طلبہ کو پاس قرار دیا گیا ہے ۔ احکامات میں کہا گیا ہے کہ انٹرنل اسسمنٹ کے مظاہرہ کی بنیاد پر صرف ایک سال کے لئے پاس اور پروموٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ انٹرنل اسسمنٹ کی بنیاد پر ہی طلبہ کو گریڈ پوائنٹس دیئے جائیں گے۔ سرکاری ، ضلع پریشد ، امدادی ، خانگی غیر امدادی اسکولس کے تمام ایس ایس سی طلبہ کو اس فیصلہ کے تحت پاس قرار دیتے ہوئے اگلی کلاس کیلئے پروموٹ کیا جائے گا ۔ حکومت نے کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا ہے کیونکہ امتحانات کے انعقاد کی صورت میں طلبہ کو وائرس کا خطرہ لاحق ہوسکتا تھا۔ چیف منسٹر کے سی آر نے دو دن قبل اعلیٰ سطحی اجلاس میں یہ فیصلہ کیا جس کے مطابق احکامات کی اجرائی آج عمل میں آئی ہے۔