ایس ایس سی کے 8 پرچہ جات کے امتحانات کی تیاریاں

,

   

اضافی امتحانی مراکز ، ضلع کلکٹرس سے رپورٹ طلب
حیدرآباد ۔8۔ مئی(سیاست نیوز) محکمہ تعلیم نے ایس ایس سی کے مابقی 8 پرچہ جات کے امتحانات کے انعقاد کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ اسپیشل چیف سکریٹری محکمہ تعلیم چترا رام چندرن نے تمام ضلع کلکٹرس اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسرس کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے امتحانات کی صورت میں تمام تر احتیاطی اقدامات کے ساتھ تیاریوں کی تفصیلات طلب کی ہیں۔ ضلع کلکٹرس کو روانہ کردہ مکتوب میں چترا رام چندرن نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے ایس ایس سی کے مابقی پرچہ جات کے امتحانات جاریہ ماہ منعقد کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ ہائی کورٹ سے اجازت کے حصول کے بعد امتحانات منعد کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہائیکورٹ میں اجازت کے حصول کے لئے ایڈوکیٹ جنرل کو بعض تفصیلات درکار ہیں، جن میں زائد امتحانی مراکز کے قیام، چیف سپرنٹنڈنٹ اور دیگر نگرانکار عہدیداروں کے تقرر ، نئے امتحانی مراکز میں مناسب فرنیچر اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پانچ لاکھ 34 ہزار 903 طلبہ 2530 امتحانی مراکز میں حصہ لیں گے ۔ ہر سنٹر میں 200 تا 220 طلبہ کی گنجائش ہوگی۔ تاہم کووڈ۔19 کی صورتحال کے پیش نظر سماجی فاصلہ اور دیگر احتیاطی اقدامات ضروری ہیں، لہذا امتحانی مراکز کی تعداد کو دوگنا کیا جائے گا۔ ہر ضلع میں زائد امتحانی مراکز کی نشانی ہدایت دی گئی ۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسرس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ امتحانی مراکز پر نگرانکار اسٹاف کے تقرر کے اقدامات کریں۔ نئے امتحانی مراکز میں مناسب فرنیچر اور دیگر بنیادی سہولتوں کا انتظام کیا جائے۔ 9 مئی تک یہ تفصیلات روانہ کرنے کی ہدایت دی گئی تاکہ ہائی کورٹ سے اجازت کے حصول میں مدد ملے۔ نئے امتحانی مراکز قریبی علاقوں میں قائم کئے جائیں گے تاکہ طلبہ کو سفر میں دشواری نہ ہوں۔ امتحانی مراکز کے قریب پولیس بندوبست کے علاوہ فرنیچر کی روزانہ مناسب صفائی کو یقینی بنایا جائے۔ جراثم کش ادویات کے ذریعہ فرنیچر کی صفائی کی جائے۔ امتحانی مراکز کے قریب پانی ، صابن اور سینیٹائزر کا انتظام کیا جائے ۔ کھانسی ، سردی اور دیگر عوارض کے شکار امیدواروں کیلئے علحدہ کمروں کا انتظام رہے تاکہ دوسرے طلبہ متاثر نہ ہوں ۔ نئے امتحانی مراکز پر میڈیکل اسٹاف کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے ۔ امتحانی مراکز پر ہر طالب علم اور اسٹاف کو ماسک فراہم کیا جائے ۔ امتحانی مراکز کے باہر انتظار کرنے والے سرپرستوں اور والدین کے لئے ٹینٹ ، کرسیوں اور پانی کا انتظام کیا جانا چاہئے ۔