ایس ایف آئی کارکن کو چاقو مارنے کے الزام میں دو افراد گرفتار

   

ترووننتپورم ،15 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کیرالہ کے یونیورسٹی کالج میں اسٹوڈنٹس فیڈریشن آف انڈیا(ایس ایف آئی)کے ایک کارکن کو چاقو مارنے میں شامل دو اہم ملزمین کو پیر کی صبح گرفتار کیاگیا۔ ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے پہلے ملزم شیورنجیت اور دوسرے ملزم ناظم کو ترووننتپورم کے کیسوداس پورم کے ایک گھرسے آج صبح دو بجے گرفتار کیا۔اس معاملے میں تین دیگر ملزمین -ادویت،ارومل اور عادل کو اتوار کو جبکہ ایک اور ملزم ایجاب کو ہفتے کو گرفتار کیاگیا۔ پولیس نے کالج میں 12جولائی کو ایس ایف آئی کارکن اکھل کو چاقو مارنے کے معاملے میں گرفتار کرنے سے پہلے آٹھ ایس ایف آئی لیڈروں کے خلاف لک آؤٹ نوٹس بھی جاری کیاگیاتھا۔ ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے چھاپہ مارنے کی کارروائی کرکے ملزم شورنجیت کے گھر سے یونیورسٹی امتحان کی جوابی بیاض کاپیاں اور فیزیکل ایجوکیشن ڈائریکٹر کی ایک سیل -مہر بھی ضبط کی ہے ۔ اس دوران ،چھاپے ماری کے واقعہ کو کور کرنے موقع پر پہنچے میڈیا اہلکاروں کے ساتھ ملزمین کے رشتہ داروں نے مارپیٹ بھی کی۔ اس دوران ،اہم ملزم شورنجیت اور ناظم کانام کیرالہ یونین سروس کمیشن (پی ایس سی )رینک لسٹ میں شامل ہونے کا پتہ چلا ہے ۔شیورنجیت کا نام لسٹ میں پہلے رینک کے ساتھ درج ہے جبکہ ناظم 28وہیں نمبر پر ہے جس سے پی ایس سی کے او ایم آر(آپٹیکل مارک ریکاگنیشن)میں ہیرپھیر کا شبہ ہوتا ہے۔