حیدرآباد 10 ؍اپریل (یو این آئی) ایس ایل بی سی ٹنل پراجکٹ کے اسپیشل آفیسر شیوشنکر لوٹیٹی نے بتایا کہ ایس ایل بی سی ٹنل حادثہ کی جگہ پر بچاؤ کام تیزی سے جاری ہے ۔جمعرات کو، خصوصی آفیسرلوٹیٹی نے کارروائیوں کا جائزہ لینے ایس ایل بی سی ٹنل انلیٹ 1 کے دفتر میں مختلف ریسکیو ٹیموں کے سینئر حکام کے ساتھ جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔انہوں نے بتایا کہ ریسکیو عملہ سرنگ کے متاثرہ حصے میں پھنسے افرادکو تلاش کرنے اور نکالنے 24گھنٹے کام کر رہا ہے ۔ اس عمل کو تیز کرنے کی کوششوں کے طور پر، ایک کنویئر بیلٹ کو براہ راست مقام حادثہ تک بڑھایا جا رہا ہے ، جس سے مٹی کی کھدائی اور ملبہ ہٹانے میں نمایاں تیزی آئیگی۔فی الحال، پانچ کھدائی کرنے والے سرنگ کے اندر مسلسل کام کر رہے ہیں اور بچاؤ کے عمل میں رکاوٹ بننے والے سٹیل کے ڈھانچے کو منظم طریقہ سے ہٹایا جا رہا ہے ۔ پانی کو ہٹانے اعلیٰ معیاری پمپ استعمال کئے جا رہے ہیں اس سے بلاتعطل پیشرفت ممکن ہو سکتی ہے ۔اسپیشل آفیسر لوٹیٹی نے زور دیا کہ تمام ریسکیو ٹیموں کو امدادی سامان اور ضروری سامان مہیا کیا جا رہا ہے ، اور فیلڈ عہدیداروں کیلئے مناسب سہولیات کو یقینی بنانے کا خصوصی خیال رکھا جا رہا ہے۔ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی جانب سے بھی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے ۔