ایس ایچ او گولکنڈہ پولیس اسٹیشن پر 10 ہزار کا جرمانہ

   

حیدرآباد ۔ /4 جولائی (سیاست نیوز) جی ایچ ایم سی حکام نے اسٹیشن ہاؤز آفیسر گولکنڈہ پر بلااجازت پوسٹر چسپاں کرنے پر 10 ہزار روپئے کا جرمانہ عائد کیا ہے ۔ بونال تہوار کے موقع پر گولکنڈہ پولیس کی جانب سے علاقہ میں ایک پوسٹر چسپاں کیا گیا جس میں بونال کے بھکتوں کا استقبال کرنے کا مواد شامل ہے ۔ پوسٹر پر ڈی جی پی ایم مہندر ریڈی ‘ کمشنر پولیس انجنی کمار کے علاوہ انسپکٹر گولکنڈہ چندر شیکھر ریڈی کی تصویر تھی ۔ جی ایچ ایم سی کے متعلقہ ڈپٹی کمشنر نے میونسپل کارپوریشن کے ایکٹ 1955 کے تحت اسٹیشن ہاوز آفیسر گولکنڈہ کو 10 ہزار روپئے کا چالان کرکے کاپی پولیس اسٹیشن کو روانہ کردی اور پوسٹر کے بازو بھی چسپاں کردیا ۔