ایس بی آئی ، چنور میں 13 کروڑ روپئے کے اسکام پر سنسنی

   

20 کیلو سے زائد سونا اور تقریبا ایک کروڑ روپئے غائب ، کھاتے داروں کا احتجاج جاری ، پولیس مصروف تحقیقات
نرمل ۔ 29 ۔ اگست : ( جلیل ازہر کی رپورٹ ) : ضلع منچریال کے تعلقہ چنور میں 20 اگست کو 13 کروڑ روپئے کے گھپلے کا اسٹیٹ بنک آف انڈیا کی برانچ میں انکشاف ہوا ۔ یہ اطلاع عام ہوتے ہی اس بینک کے کھاتہ داروں کی بڑی تعداد بینک پہونچکر احتجاج کیا جو اب بھی جاری ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ گولڈ لون حاصل کرنے والوں کا سونا جو بیس کیلو چار سو گرام بینک کے لاکر سے غائب ہے بلکہ ایک کروڑ روپئے سے زیادہ رقم کھاتہ داروں کے کھاتے سے آوٹ سورسنگ ملازمین کے کھاتوں میں منتقل کرتے ہوئے گھپلا کیا گیا ۔ یہ انکشاف اس وقت ہوا جب ایک کھاتہ دار جو گولڈ لون کی کل ادائیگی کرتے ہوئے اپنا گولڈ واپس لینا چاہ رہا ہے ۔ تب لاکر سے سونا غائب تھا اس اطلاع کے ساتھ ہی چنور کے کھاتہ داروں میں سنسنی پھیل گئی جو بھی اس بینک سے گولڈ لون لیتے تھے وہ صارفین بینک پہونچکر احتجاج پر اتر آئے بینک کے اعلیٰ عہدیدار کھاتہ داروں کو سمجھانے کی کوشش کی لیکن کھاتہ دار ایک ہی نعرہ لگا رہے تھے ہمارا سونا واپس کرو جب کہ رام گنڈم پولیس کمشنر امبرکشی جھا نے اس بینک کی شکایت پر بینک کا معائنہ کیا اور تفصیلات حاصل کیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس گھپلے کا ماسٹر مائنڈ رویندر جو اس بینک کا کیشئر ہے فرار ہوگیا اور یہ اسی کی کارستانی ہے ۔ دلچسپ پہلو یہ ہے کہ رویندر اپنی کارکردگی پر ایوارڈ لے چکا ہے ۔ اس نے بڑی چالاکی سے 20 کیلو چار سو گرام سونا ہی نہیں بلکہ کھاتہ داروں کی رقم بھی دوسروں کے اکاونٹ میں منتقل کرتے ہوئے اس رقم کو بھی ہڑپ کیا جو ایک کروڑ بیس لاکھ بتائی جاتی ہے ۔ SBI جیسی برانچ میں اتنا بڑا اسکام سارے ضلع میں موضوع بحث بنا ہوا ہے کہ اب تک چوریاں ڈکیتیاں گھروں میں ہوا کرتی تھیں لیکن اب عہدیداروں کے پاس بھی ہمارے زیورات کا تحفظ نہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس اسکام میں پانچ پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دیتے ہوئے بڑے پیمانہ پر تحقیقات شروع کی گئی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ 402 کھاتہ داروں نے گولڈ جمع کر کے لون حاصل کیا تھا کسی نے دس تولہ کسی نے 25 تولہ کسی نے تین تولہ پر بھی قرض لیا تھا ۔ آج بینک جیسے ادارہ میں ایسا گھپلا ہوگا کسی نے نہیں سونچا پولیس نے اب تک پانچ افراد کو حراست میں لے کر تحقیقات کا آغاز کیا ہے ۔ تاہم یہ کام کیشیئر کے اکیلے کا نہیں ہوسکتا کیوں کہ لاکر کی چابیاں منیجر کے پاس ہوا کرتی ہیں ۔۔