ایس بی آئی کے قرض مہنگے ہوگئے

   

ایم سی ایل آر میں اضافہ‘ کروڑوں صارفین کو جھٹکہ
نئی دہلی: اسٹیٹ بینک آف انڈیا نے یوم آزادی کے جشن کے دوران اپنے صارفین کو جھٹکہ دیا ہے۔ اپنے مارجینل کاسٹ آف لینڈنگ ریٹ میں اضافہ کا فیصلہ کرتے ہوئے ایس بی آئی نے اپنی الگ الگ مدت کے ایم سی ایل آر میں 10 بیسس پوائنٹس کے اضافہ کا اعلان کیا ہے۔ نئی شرحیں جمعرات 15 اگست 2024 سے نافذ ہو چکی ہیں۔ مارجینل کاسٹ آف لینڈنگ ریٹس وہ شرحیں ہوتی ہیں جس سے نیچے سطح پر صارفین کو بینک قرض نہیں دے سکتا۔ ایم سی ایل آر میں اضافہ کے فیصلہ کے بعد صارفین کے ہوم لون، کار لون، ایجوکیشن لون جیسے کئی طرح کے دیگر قرض مہنگے ہوگئے ہیں۔ ایس بی آئی کے ذریعہ اوور نائٹ مارجینل کاسٹ آف لینڈنگ ریٹس کو 8.10 فیصد سے بڑھا کر 8.20 فیصد پر پہنچا دیا گیا ہے۔ وہیں ایک مہینے کے اندر ایم سی ایل آر 8.35 فیصد سے بڑھ کر 8.45 فیصد تک چلا گیا ہے۔ تین مہینے کا ایم سی ایل آر 8.40 فیصد سے بڑھ کر 8.50 فیصد ہو گیا ہے۔ بینک نے جون 2024 سے لیکر اب تک کْل تین مرتبہ اپنی شرح سود میں اضافہ کیا ہے۔ واضح ہو کہ ایس بی آئی سے پہلے کینرا بینک، یوکو بینک اور بینک آف بڑودہ نے بھی حال ہی میں مارجینل کاسٹ آف لینڈنگ ریٹس میں اضافہ کیا تھا۔