ایس جی پی سی حکام کی زخمی سکھوں کی عیادت

   

امرتسر: (یو این آئی) : شرومنی گردوارہ پربندھک کمیٹی کے صدر ایڈوکیٹ ہرجیندر سنگھ دھامی کی ہدایت پر شرومنی کمیٹی کے عہدیداروں نے جمعہ کو اسپتال پہنچ کر پونچھ میں حملے کے دوران زخمی ہونے والے سکھوں کا حال دریافت کیا اور شرومنی کمیٹی کی طرف سے ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔ شرومنی کمیٹی کے سکریٹری پرتاپ سنگھ اور سری دربار صاحب کے منیجر راجندر سنگھ روبی نے امرتسر کے ایک خانگی اسپتال میں زیر علاج گرمیت سنگھ اور کاک راجونش سنگھ سے ملاقات کی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ ایس جی پی سی کے سکریٹری پرتاپ سنگھ نے کہا کہ ملک میں کشیدہ صورتحال کے دوران حال ہی میں سکھ پونچھ سے جموں آ رہے تھے کہ گاڑیوں کے قافلے پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں ایک سکھ کی موت ہو گئی اور گرمیت سنگھ، اس کا بیٹا، چچا راجونش سنگھ اور خاندان کے دیگر افراد شدید زخمی ہو گئے ۔ انہوں نے بتایا کہ زخمیوں میں گرمیت سنگھ اور ان کے چچا راجونش سنگھ کو امرتسر کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ڈاکٹر ان کا علاج کر رہے ہیں۔