ڈھاکہ ۔ 20 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) وزیر خارجہ ہند ایس جے شنکر نے منگل کے روز بنگلہ دیش کے بابائے قوم شیخ مجیب الرحمن کو بنگا بندھو میموریل میوزیم پہنچ کر خراج عقیدت پیش کیا ۔ یاد رہے کہ جئے شنکر پیر کے روز بنگلہ دیش کے دو روزہ دورہ پر پہنچے ہیں ۔ وزارت خارجہ کے اہم عہدہ پر فائز ہونے کے بعد جئے شنکر کا یہ پہلا دورہ بنگلہ دیش ہے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ دلچسپ ہوگا کہ بنگا بندھو میوزیم ڈھاکہ کے دھنمونڈی علاقہ میں ہے جو شیخ مجیب الرحمن کی شخصی قیام گاہ تھی ۔ 1975ء میں اسی مقام پر انہیں ان کے دیگر ارکان خانہ ان کے ساتھ بے رحمی سے قتل کردیا گیا تھا ۔ مجیب الرحمن کی دو بیٹیاں شیخ حسینہ (موجودہ وزیراعظم) اور شیخ ریحانہ اس قتل عام میں اس لئے بچ گئی تھیں کہ وہ اس وقت بیرون ملک تھیں ۔ وا ضح رہے کہ 7 اور 8 اگست کو بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ اسد ا لزماں خان نے نئی دہلی میں وزیر داخلہ ہند امیت شاہ سے ملاقات کرتے ہوئے دو رخی بات چیت کی تھی۔
