ایس سی، ایس ٹی طبقات کے خلاف مظالم پر سخت کارروائی کی گنجائش

   

40کروڑ کے معاوضہ کی ادائیگی، رنگاریڈی کلکٹریٹ میںصدرنشین کمیشن ڈاکٹر سرینواس کااجلاس
حیدرآباد۔/6 مارچ، ( سیاست نیوز) ضلع کلکٹریٹ رنگاریڈی میں آج ڈسٹرکٹ ویجلنس اینڈ مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ صدرنشین ایس سی، ایس ٹی کمیشن ڈاکٹر ای سرینواس نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ صدرنشین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن کے قیام کے بعد سے 6000 سے زائد معاملات میں 40 کروڑ روپئے کا معاوضہ فراہم کیا گیا۔ ضلع کلکٹر اے کمار کی صدارت میں منعقدہ جائزہ اجلاس میں عہدیداروں نے شرکت کی اور ضلع میں ایس سی، ایس ٹی طبقات کیلئے حکومت کی فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کی تفصیلات پیش کی۔ ایس سی، ایس ٹی کمیشن کے سکریٹری ٹی داس، رکن اسمبلی جئے پال یادو نے شرکت کی۔ ملک بھر میں تلنگانہ ایس سی، ایس ٹی کمیشن کی کارکردگی مثالی ہے۔ ہر ماہ کی 30 تاریخ کو انسانی حقوق سے متعلق اجلاس منعقد کیا جائے۔ اس سلسلہ میں عہدیداروںکو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ تلنگانہ میں ایس سی، ایس ٹی مظالم کے سلسلہ میں 10,800 مقدمات درج کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں ایس سی، ایس ٹی مظالم سے متعلق مقدمات میں سزا کا فیصد 5.5 تھا جو کمیشن کے قیام کے بعد بڑھ کر 10.20 فیصد ہوچکا ہے۔ ریاست کے 12000 مواضعات میں 6500 مواضعات کا کمیشن ابھی تک دورہ کرچکا ہے تاکہ ایس سی، ایس ٹی طبقات کے مسائل کا بروقت جائزہ لیا جاسکے۔ سرینواس نے کہا کہ ایس سی، ایس ٹی طبقات پر مظالم کے واقعات کے سلسلہ میں کارروائی سے متعلق تساہل کی صورت میں عہدیداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ ایس سی، ایس ٹی اور دیگر طبقات کی ہمہ جہتی ترقی کے بارے میں سنجیدہ ہیں۔ اجلاس میں کمیشن کے ارکان آر نائیک، ودیا ساگر راؤ، سی ایچ نرسمہا، نیلادیوی اور دوسروں نے شرکت کی۔