ایس سی ، ایس ٹی کمیشن سے سینکڑوں درخواستوں کی یکسوئی

,

   

۔40 کروڑ معاوضہ کی ادائیگی، صدرنشین ڈاکٹر سرینواس کا بیان
حیدرآباد ۔ 8 ۔ جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ ایس سی ایس ٹی کمیشن سے مسائل کی یکسوئی کیلئے کمزور طبقات سے تعلق رکھنے والے عوام کی آمد میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے۔ صدرنشین ایس سی ، ایس ٹی کمیشن ڈاکٹر ای سرینواس روزانہ عوامی مسائل کی سماعت کرتے ہوئے ان کی درخواستوں کو قبول کر رہے ہیں۔ کمیشن پر عوام کے اعتماد میں اضافہ کی اہم وجہ یہ ہے کہ صدرنشین مسائل کی یکسوئی کیلئے درخواستوں کو نہ صرف متعلقہ محکمہ جات سے رجوع کر رہے ہیں بلکہ ان کی یکسوئی تک مسلسل نظر رکھی جارہی ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے 5 رکنی ایس سی ، ایس ٹی کمیشن قائم کیا گیا جس نے مختلف اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے درج فہرست اقوام اور قبائل کے مسائل کا جائزہ لیا۔ ڈاکٹر سرینواس نے بتایا کہ تلنگانہ ایس سی ، ایس ٹی کمیشن دیگر ریاستوں کیلئے مثال بن چکا ہے ۔ کمیشن نے تاحال 6 ہزار سے زائد مقدمات کی یکسوئی کی اور متاثرین کو 40 کروڑ روپئے تک کا معاوضہ دلایا۔ ڈاکٹر سرینواس نے کہا کہ کمیشن کیلئے یہ کسی کارنامہ سے کم نہیں ہے۔ نئے سال کے آغاز سے کمیشن نے اپنی کارکردگی میں وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمیشن کو ایک دن میں 300 تا 400 افراد رجوع ہوکر اپنے مسائل کے بارے میں نمائندگی کر رہے ہیں۔ صدرنشین ڈاکٹر سرینواس نے مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں سے ربط قائم کرتے ہوئے مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے دور دراز علاقوں سے عوام مسائل کی یکسوئی کی توقع لے کر کمیشن سے رجوع ہورہے ہیں۔ صدرنشین کی تجویز پر ملاقات کرنے والے پھول اور گلدستے کے بجائے نوٹ بکس ، قلم ، ڈکشنری اور ڈائری بطور تحفہ پیش کر رہے ہیں جو کمیشن ضرورتمند ایس سی ، ایس ٹی طلبہ میں تقسیم کردے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت کی سرپرستی میں کمیشن درج فہرست اقوام و قبائل کی بہتر خدمت کرپائے گا۔