ایس سی ، ایس ٹی کمیشن کا پسماندہ علاقوں میں اچانک دورہ

   

ضلع کلکٹر کو ہدایات، آدھار کارڈ ، ووٹر آئی ڈی اور دیگر سہولتوں کی کمی
حیدرآباد ۔ 6 ۔ جنوری (سیاست نیوز) ایس سی ایس ٹی کمیشن کے صدرنشین ڈاکٹر ای سرینواس نے جنگاؤں ضلع کے مختلف مواضعات کا اچانک دورہ کرتے ہوئے عوام کو بنیادی سہولتوںکی فراہمی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ضلع کلکٹر اور دیگر عہدیداروں کو ہدایت دی کہ برقی ، آبرسانی ، ہاؤزنگ اور دیگر شعبہ جات میں عوام سے جو وعدے کئے گئے تھے ان کی جلد تکمیل کی جائے ۔ ڈاکٹر سرینواس نے اگست 2018 ء میں ان مواضعات کا دورہ کرتے ہوئے عوامی مسائل کی سماعت کی تھی۔ اس سلسلہ میں ضلع حکام کو ہدایت دی گئی تھی جس پر عمل آوری کا جائزہ لینے کیلئے ڈاکٹر سرینواس نے کمیشن کے دیگر ارکان کے ہمراہ اچانک جنگاؤں پہنچے۔ مقامی افراد نے اراضی ، مکان ، آدھار ، ووٹر آئی ڈی اور راشن کارڈ کے سلسلہ میں نمائندگی کی۔ مقامی افراد کو آدھار کارڈ ، ووٹر آئی ڈی اور راشن کارڈ کی فوری اجرائی کیلئے ضلع کلکٹر کو ہدایت دی ۔ کمیشن کے صدرنشین کے ہمراہ ارکان آر نائک ، ودیا ساگر راؤ اور دیگر عہدیدار موجود تھے ۔ اس موقع پر 43 مستحق افراد میں راشن کارڈ کی تقسیم عمل میں آئی۔ 6 کسانوں میں پٹہ دار پاس بک تقسیم کئے گئے۔ دلت طبقہ سے تعلق رکھنے والے ایک خاندان کو ایک ایکر اراضی کے کاغذات حوالے کئے گئے ۔ حکام نے بتایا کہ مستحق افراد میں فلاحی اسکیمات کے فوائد کو پہنچانے ہر ممکن قدم اٹھائے جارہے ہیں۔ مواضعات میں آدھار کارڈکی اجرائی کا عمل شروع کیا گیا ہے۔ آر ڈی او نے کمیشن کو بتایا کہ باقی مسائل کی عنقریب یکسوئی کردی جائے گی۔ صدرنشین ایس سی ، ایس ٹی کمیشن نے عوامی مسائل کی سماعت کے بعد تیقن دیا کہ وہ بہت جلد دوبارہ دورہ کرتے ہوئے مسائل کی یکسوئی کے بارے میں معلومات حاصل کریں گے۔