ایس سی ، ایس ٹی کمیشن کے صدرنشین ڈاکٹر سرینواس کا دورہ نیلور

   

دلت تنظیموں اور عہدیداروں سے ملاقات، حکومت کی اسکیمات کا جائزہ

حیدرآباد۔/9 فبروری، ( سیاست نیوز) ایس سی، ایس ٹی کمیشن کے صدرنشین ڈاکٹر ای سرینواس نے آندھرا پردیش کے ضلع نیلور کا دورہ کرتے ہوئے مختلف پروگراموں میں شرکت کی۔ انہوں نے آندھرا پردیش کے محکمہ جات بہبودی سماجی بھلائی کے عہدیداروں کے ساتھ دلتوں اور دیگر کمزور طبقات کی بھلائی کے سلسلہ میں حکومت کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ضلع نیلور کے کاویلی میں جواہر بھارتی کالج میں منعقدہ دلتوں کے اجلاس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ نیلور پہنچنے پر آندھرا پردیش کے سماجی بہبود کے ڈپٹی ڈائرکٹر اور دیگر عہدیداروں نے دلت تنظیموں کے قائدین کے ہمراہ ڈاکٹر سرینواس اور ایس سی ، ایس ٹی کمیشن کے رکن آر نائیک کا استقبال کیا۔ ڈاکٹر سرینواس نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے خوابوں کی تکمیل کرتے ہوئے حکومتوں کو دلتوں کی ترقی کے قدم اٹھانے چاہیئے۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ ریاست میں ایس سی اور ایس ٹی طبقات کی ترقی کیلئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے خصوصی مساعی کی ہے۔ تعلیمی ترقی کیلئے اقامتی اسکولس قائم کئے گئے جہاں دلت طلبہ کو مفت معیاری تعلیم فراہم کی جارہی ہے۔ اسکولوں میں کارپوریٹ طرز کی بنیادی سہولتیں فراہم کی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایس سی، ایس ٹی کمیشن مختلف اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے دلتوں کے مسائل کا جائزہ لے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناانصافیوں کے شکار دلتوں کو انصاف رسانی میں ایس سی، ایس ٹی کمیشن اہم رول ادا کررہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کمیشن نے اپنے قیام کے بعد سے مختلف اضلاع میں نہ صرف مسائل کی یکسوئی کی بلکہ متاثرہ دلتوں کو معاوضہ منظور کرایا۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش میں دلتوں کے اجلاس میں شرکت پر انہیں مسرت ہورہی ہے۔ ڈاکٹر سرینواس نے دلت تنظیموں اور کالج انتظامیہ سے اظہار تشکر کیا۔ اجلاس میں کمیشن کے رکن آر نائیک اور ممتاز صحافی پی وی سرینواس راؤ اور دوسروں نے شرکت کی۔