اسلام آباد: شنگھائی تعاون تنظیم ’ایس سی او‘سربراہان حکومت کی کونسل کا دو روزہ اجلاس منگل ہو پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں شروع ہو رہا ہے۔ایس سی او کی کانفرنس کیلئے وفاقی دارلحکومت میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور 17 اکتوبر تک شہر کی سکیورٹی پاکستانی فوج کے حوالے کر دی گئی ہے۔اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی میں تین روز کے لیے عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ شہر کے کاروباری مراکز اور عدالتیں بند رہیں گی۔ایس سی او کانفرنس کے حوالے سے اسلام آباد شہر میں پاک فوج کے دستے تعینات کر دیئے گئے، میٹرو بس سروس 14 اکتوبر سے 17 اکتوبر تک بند رہے گی، اسلام آباد پولیس نے ٹریفک پلان بھی جاری کردیا۔ایس سی او سمٹ 2024 کے لیے اسلام آباد پولیس نے ایک جامع اور مربوط سکیورٹی پلان تشکیل دیا ہے۔آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے اپنے بیان میں بتایا کہ ’وینیوز،ایئر پورٹس، نور خان ایئر بیس سمیت روٹس اور فنل ایریاز، ہوٹلز اور وفود کی رہائش گاہوں پر سکیورٹی ڈیوٹیز کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ’سرچ اور انفارمیشن بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس کے ساتھ وزارت خارجہ، ضلعی انتظامیہ، پاکستان آرمی، رینجرز، ایف سی، دیگر صوبائی پولیس، انٹیلی جنس ایجنسیاں، ٹریفک پولیس اور سپیشل برانچ کے افسران و جوان بھرپور سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے اپنے فرائض ادا کر رہے ہیں۔‘ان کے مطابق: ’اسلام آباد پولیس کی 93 فیصد فورس بھرپور سکیورٹی انتظامات کے لیے تعینات کی گئی ہے۔ ایس سی او سمٹ 2024کی سکیورٹی کے لیے اسلام آباد پولیس کے نو ہزار سے زائد افسران و جوان اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔