ایس سی ایس ٹی کمیشن کا اجلاس 5 مقدمات کی سماعت

   

مظالم کے واقعات کے سلسلہ میں سخت کارروائی کرنے عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد۔ 11 مارچ (سیاست نیوز) ایس سی ایس ٹی کمیشن نے سیول کورٹ کے اختیارات کے ساتھ آج پہلی مرتبہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے پانچ مختلف مقدمات کی سماعت کی ہے۔ صدرنشین ایس سی ایس ٹی کمیشن ڈاکٹر ای سرینواس نے دیگر ارکان کے ساتھ عدالت منعقد کرتے ہوئے ایس سی ایس ٹی مظالم سے متعلق معاملات کی سماعت کی۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے تلنگانہ میں ایس سی ایس ٹی کمیشن کے قیام کے ذریعہ دیگر ریاستوں کے لیے مثال قائم کی ہے۔ کمیشن نے اپنے قیام کے اندرون دو ماہ مختلف اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے ضلع کلکٹرس کے ساتھ اجلاس منعقد کیا اور مسائل کی سماعت کی۔ کمیشن نے ایس سی ایس ٹی طبقات سے ناانصافیوں کے کئی معاملات میں متاثرین کو معاوضہ دلایا ہے۔ ڈاکٹر ای سرینواس کے مطابق حکومت نے پانچ ارکان کو کمیشن میں نامزد کیا ہے۔ گزشتہ دو ماہ کے دوران تقریباً 10 ہزار شکایات کی سماعت کرتے ہوئے متاثرین میں 42 کروڑ کا معاوضہ دلایا گیا۔ کمیشن نے آج اپنی عدالت میں عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ایس سی ایس ٹی طبقات سے ناانصافیوں کی صورت میں فوری کارروائی کریں۔ ڈاکٹر سرینواس نے آج مظالم کے علاوہ سرویس میاٹرس اور اراضی سے متعلق امور کی سماعت کی۔ فریقین کے دلائل کی سماعت کی گئی۔ بعض مقدمات میں کمیشن نے اپنا فیصلہ صادر کیا اور دیگر مقدمات کی سماعت آئندہ ماہ کے لیے ملتوی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن مظالم کے واقعات کے تدارک کے لیے ہمیشہ سرگرم رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ کمیشن دیگر اضلاع کے دورے اور حیدرآباد میں اپنی سماعت کو جاری رکھے گا۔